خبرنامہ بلوچستان

بلوچستان میں ایف سی کی کارروائی، 4 دہشتگرد ہلاک

کاہان:(اے پی پی)ایف سی اور حساس اداروں کی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں میں کالعدم تنظیم کے چار دہشت گرد ہلاک اور دو زخمی ہوگئے جبکہ قلعہ عبداللہ سے بارودی سے بھری گاڑی قبضے میں لے لی گئی۔ ترجمان ایف سی کے مطابق ایف سی اور حساس اداروں نے خفیہ اطلاع پر کوہلو کے علاقے کاہان میں کارروائی کی، فائرنگ کے تبادلے میں چار دہشت گرد ہلاک اور دو زخمی ہوگئے ہلاک دہشت گردوں سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کرکے پانچ ٹھکانے تباہ کردیئے گئے۔ قلعہ عبداللہ کے علاقے گلستان میں ایف سی اور حساس اداروں کی کارروائی کے دوران بارود سے بھری گاڑی برآمد کرکے ایک دہشت گرد کو گرفتار کرلیا گیا، ترجمان ایف سی کے مطابق سوئی میں تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بنا کر چھتیس کلو کی تین آئی ای ڈیز، چھ ڈیٹونیٹرز اوردو دیسی ساختہ بم اور باردودی سرنگ برامد کرلی گئی۔