خبرنامہ بلوچستان

بلوچستان میں مزید بارش ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ

اسلام آباد(آئی این پی) محکمہ موسمیات نے منگل سے جمعہ کے دوران بلوچستان میں اکثر مقامات پر مزید بارش جبکہ جمعرات اورجمعہ کے روز کوئٹہ، ژوب اور سبی ڈویژن میں موسلادھار بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ فورکاسٹنگ آفیسر کے مطابق دو روز بعد خیبر پختونخواہ، فاٹا، پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا تاہم بلوچستان (کوئٹہ، قلات، مکران، ژوب، سبی، نصیر آباد ڈویژن) میں اکثر مقامات پر جبکہ سکھر، لاڑکانہ ڈویژن میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہا تاہم مکران، قلات ڈویژن اور کوٹلی میں چند مقامات پر گرج چمک کیساتھ بارش ہوئی۔ بلوچستان گوادار40، جیوانی 13، خضدار 10، تربت05، اورماڑا02، کشمیر کوٹلی02 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔آج سب سے کم درجہ حرارت استورمیں00 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت مٹھی اور چھور میں 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے علاوہ ریکارڈ کیے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کے مطابق لاہور میں28، کراچی 30، پشاور 28، کوئٹہ 16 جبکہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں28 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔