خبرنامہ بلوچستان

بلوچستان میں کھیلوں کے فروغ کے لیے خطیر رقم مختص کی جائے گی :انوارالحق

کوئٹہ:(اے پی پی)حکومت بلوچستان کے ترجمان انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ صوبے کے دوردراز علاقوں میں کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کے مسائل کے حل کے لیے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں خطیر رقم مختص کی جائے گی، بلوچستان سپورٹس فیسٹیول کا دائرہ کار کوئٹہ کے علاوہ دیگر اضلاع تک بڑھا یا جائے گا ، سپورٹس تنظیموں کے ساتھ ملکر بلوچستان بھر میں کھیلوں کے میدان آباد کرنے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے جامع حکمت عملی وضع کی جائے گی۔یہ بات انہوں نے پیر کو ’’ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان ‘‘سے خصوصی انٹرویو میں کہی۔انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ صحت مندانہ سرگرمیوں کو فروغ دے کر جسمانی صحت ساتھ کے ساتھ نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے دور اور معاشرے میں سدھار لایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ نواب ثناء اللہ خان زہری نے بلوچستان میں کھیل کے میدانوں کو آباد اور صحت مندا نہ سرگرمیوں کو فروغ دینے کے حوالے سے محکمہ کھیل کو ہر سطح پر اقدامات اٹھانے کے لیے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں ۔ترجمان صوبائی حکومت نے کہا کہ کھیل کے میدانوں کو آباد کرنے سے نوجوان نسل کو سماجی برائیوں سے دور رکھا جاسکتا ہے، بلوچستان کے کھلاڑیوں میں بے پنا ٹیلنٹ موجود ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ ان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور مناسب مواقع فراہم کرکے ان کے اندر چھپے ٹیلنٹ کو سامنے لاکر انکی صلاحتیوں سے استفادہ حاصل کیا ۔