خبرنامہ بلوچستان

بلوچستان کے کئی اضلاع خشک سالی کی لپیٹ میں

کوئٹہ:(اے پی پی)بلوچستان کے مختلف علاقے خشک سالی کی لپیٹ میں ہیں،متاثرہ علاقوں کے باغات، مال مویشی سب خشک سالی سے متاثر ہونے لگے ، علاقہ مکینوں نے نقل مکانی شروع کردی۔بلوچستان کے بیشتردیہی علاقے معمول سے انتہائی کم بارشوں کی وجہ سے خشک سالی کی زد میں آنا شروع ہوگئے ہیں، ان میں نوشکی، لسبیلہ، واشک، خاران، قلات، آواران اور ان سے ملحقہ دیہی اور بارانی علاقے شامل ہیں، خاص طور پر ضلع چاغی کی بعض یونینیں بُری طرح متاثرہوئی ہیں جہاں زیر زمین پانی کی سطح مسلسل گررہی ہے۔پانی کی قلت کے باعث باغات خشک اورمال مویشی مررہے ہیں،قحط زدہ علاقوں کے لوگ نقل مکانی پر مجبورہوگئے ہیں۔صوبائی حکومت اورمتعلقہ محکمے کے افسران خشک سالی سے آگاہ ہونے کے باوجود غیر سنجیدہ دکھائی دیتے ہیں، سنگین ہوتی صورت حال سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کی بجائے ابھی تک صرف معلومات جمع کررہے ہیں ۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ خشک سالی بلوچستان میں دستک دے ری ہے ، صوبائی حکومت اور متعلقہ انتظامیہ خواب خرگوش سے کب جاگے گی۔