خبرنامہ بلوچستان

بلوچستان ہائیکورٹ۔ عبدالمجید اچکزئی کی درخواست ضمانت مسترد

کوئٹہ(ملت آن لائن)بلوچستان ہائیکورٹ نے ایم پی اے عبدالمجید اچکزئی کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔ انہوں نے کیس میں ضمانت کے لیے درخواست دائر کی تھی۔

اس سے قبل کوئٹہ کی انسداد دہشت گردی کی عدالت بھی عبدالمجید اچکزئی کی درخواست ضمانت مسترد کرچکی ہے۔

بلوچستان اسمبلی کے رکن عبدالمجید اچکزئی ٹریفک سارجنٹ کے گاڑی تلے ہلاکت کے کیس میں گرفتار ہیں اور انہوں نے کیس میں ضمانت کے لیے درخواست دائر کی تھی۔

18 اگست کو دو رکنی بینچ میں ایک جج نے ضمانت کی درخواست مسترد کردی تھی جب کہ ایک نے منظور کی تھی۔

اس صورتحال کے باعث فیصلہ ریفری جج کو بھجوایا گیا تھا اور ریفری جج نے عبدالمجید اچکزئی کی ضمانت کی درخواست پر دو روز قبل فیصلہ محفوظ کیا تھا جو آج سنادیا گیا ہے۔

بلوچستان ہائیکورٹ کے ریفری جج جسٹس اعجاز سواتی نے عبدالمجید اچکزئی کی درخواست ضمانت مسترد کردی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ مبینہ طور پر عبدالمجید اچکزئی کی گاڑی کی ٹکر سے ٹریفک سارجنٹ عطااللہ جاں بحق ہوئے تھے جب کہ پولیس کی جانب سے معاملے کو دبانے کی کوشش کی گئی تاہم چیف جسٹس آف پاکستان کے ازخود نوٹس لینے پر ایم پی اے کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔