خبرنامہ بلوچستان

بم ڈسپوزل اسکواڈ کے بہادر اہلکاروں نے جرات و بہادری کی نئی مثال قائم کی: نواب ثنا

کوئٹہ (ملت + اے پی پی) بم ڈسپوزل اسکواڈ کے بہادر اہلکاروں نے جرات کی نئی مثال قائم کی۔ جنہوں نے اپنی جانوں کی پرواہ نہ کرتے ہوئے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ماضی میں بھی اہلکاروں نے بارودی مواد کوناکارہ بناتے ہوئے معصوم انسانی جانوں کو بچایا تھا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے اہلکاروں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کوئٹہ میں بارودی مواد کو ناکارہ بناتے ہوئے بم ڈسپوزل اسکواڈ کے دو اہلکاروں کی شہادت اور دیگر کے زخمی ہونے پر دلی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ بہادر اہلکاروں کے اس کارنامے پر ہم انہیں سلام پیش کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے واقعہ میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کو علاج و معالجے کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کی ہدایت بھی کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے شہید اہلکاروں کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے ان کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔