خبرنامہ بلوچستان

بھارتی جارحیت کسی صورت قابل برداشت نہیں‘وزیراعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ(آئی این پی )وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے لائن آف کنٹرول پر بھارت کی جانب سے بلا جواز اشتعال انگیزی کی شدید مزمت کرتے ہوئے بھارتی فائرنگ سے 2سیکورٹی اہلکاروں کی شہادت پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا ہے، اپنے ایک مذمتی بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ بھارتی جارحیت کسی صورت قابل برداشت نہیں پاک فوج نے بھارتی افواج کی اشتعال انگیزی کا پوری طاقت کے ساتھ جواب دے کر ثابت کر دیا ہے کہ بزدل دشمن کے کسی بھی حملے کا بھرپور قوت کے ساتھ جواب دینے کے لیے پاک افواج ہمہ وقت تیار ہیں ،پوری قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور بھارت کو 1965 سے زیادہ سخت اور دندان شکن جواب دینے کے لیے قومی جذبہ کے ساتھ پوری طرح تیار ہے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزروری سمجھنا بھارت کی غلط فہمی ہے، ہماری افواج ملک کے دفاع اور بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر ہونے والی اشتعال انگیزی کے بعد پوری قوم کا جذبہ قابل دید ہے۔ مودی کا جنگی جنون پورے خطے بالخصوص خود بھارت کے لیے خطرناک ہے جس کے نتائج بھارتی عوام کو بھگتنا ہونگے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مکار بھارت اپنی اشتعال انگیزی کو سرجیکل سٹرائیک کا نام دیکر اپنے عوام کو تو بے وقوف بنا سکتا ہے لیکن دنیا کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونک سکتا، مودی سرکار کشمیر میں اپنی ناکامیوں اور شرمندگی کو چھپانے اور مظلوم کشمیری عوام پر ظلم و ستم پر پردہ ڈالنے کے لیے خطرناک کھیل کھیل رہا ہے، جس کے بھیانک نتائج برآمد ہونگے، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب اور کشمیر پر دوٹوک موقف سے بھارت بوکھلا گیا ہے اور اسے سفارتی سطح پر شدید دھچکا لگا ہے، بھارت اپنے ناپاک عزائم کی تکمیل کے لیے بلوچستان کی صورتحال کو بڑھا چڑھا کر پیش کر رہا ہے تاہم ان مزموم عزائم کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائیگا۔