خبرنامہ بلوچستان

جمعیت علماء اسلام کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن سے بلوچستان نیشنل پارٹی کے وفد کی ملاقات ،بلوچستان اورملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

کوئٹہ ۔(ملت آن لائن) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن سے بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر جہانزیب جمالدینی کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی،ملاقات میں ملکی اور بلوچستان کے سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا،ملاقات میں بی این پی کے وفد میں نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی ،اراکین بلوچستان اسمبلی ثناء بلوچ،میر نصیرشاہوانی ،ملک عبدالولی کاکڑجبکہ جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری ،رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالواسع ،عزیز اللہ پکتوی اورجمعیت علماء اسلام کوئٹہ کے ضلعی کنویئر مولوی خورشید احمد بھی موجود تھے۔ملاقات میں ملکی اور بلوچستان کے سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔وفد سے بات چیت کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں اپوزیشن جماعتوں کی بھر پور کامیابی سے اصل تصویر واضح ہوگئی ،انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ سی پیک کو رول بیک کرنے کی بجائے اس پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں کیونکہ سی پیک منصوبے سے پاکستان معاشی استحکام پیدا ہوگا۔مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ضمنی انتخابات کے نتائج تسلی بخش ہے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ ضمنی الیکشن کے بعد پارلیمانی تحقیقاتی کمیٹی کی ضرورت باقی نہیں رہی،انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے مسائل اور پسماندگی پر بی این پی کے ساتھ ملکر جدوجہد کو ترجیح دے رہے ہیں ، شہباز شریف نے پارلیمنٹ میں اپنی تقریر کے دوران بہتر انداز میں اپنا مقدمہ لڑا۔