خبرنامہ بلوچستان

حکومت کھیلوں کے فروغ میں نوجوانوں بھرپور مواقع فراہم کررہی ہے ، وزیراعلیٰ

کوئٹہ (ملت + اے پی پی) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ حکومت صوبے میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کو ان کی مثبت صلاحیتوں کے اظہار کے بھرپور مواقع فراہم کررہی ہے تاکہ انہیں منفی سرگرمیوں سے محفوظ رکھ کر ملک اور صوبے کی ترقی کے عمل میں حصہ لینے کیلئے تیار کیا جاسکے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملک کے پہلے فیفا سے منظور شدہ اور دنیا بھر میں تیزی سے ابھرتے ہوئے کھیل فٹ سال کے اسٹیڈیم کی افتتاحی تقریب میں بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ چیف سیکرٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ، آئی جی پولیس احسن محبوب، سیکرٹری سپورٹس ڈاکٹر شعیب گولہ اور شائقین کی بہت بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔ واضح رہے کہ کوئٹہ میں فٹ سال کا پہلا سٹیڈیم تعمیر کیاگیا ہے جبکہ سپینی روڈ پر دوسرا اسٹیڈیم جلد مکمل ہوجائے گا اس کے علاوہ گوادر، نوشکی اور چمن میں بھی فٹ سال اسٹیڈیم تعمیر کئے جارہے ہیں وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہی قومیں ترقی کرتی ہیں جن کے نوجوان تعلیم اور ہنر کے زیور سے آراستہ ہوتے ہیں ہماری بھی کوشش ہے کہ ہم اپنے نوجوانوں کو تعلیم، ہنر اور صحت مندانہ سرگرمیوں میں حصہ لینے کے مواقع فراہم کریں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ میں کوئٹہ گلیڈییٹر ٹیم کو صوبے کے عوام اور حکومت بھرپور سپورٹ کرے گی اور ہماری کوشش ہوگی کہ کوئٹہ گلیڈییٹر میں بلوچستان کے باصلاحیت کھلاڑی بھی شامل ہوں ۔ وزیراعلیٰ نے فٹ سال سٹیڈیم کی تعمیر کو کھیلوں کے فروغ میں اہم پیشرفت قرار دیا۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری بلوچستان نے خطاب کرتے ہوئے فٹ سال کے فروغ کیلئے وزیراعلیٰ کی ذاتی دلچسپی پران کا شکریہ ادا کیا انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں فٹبال ایک مقبول کھیل ہے بلوچستان کے نوجوانوں میں فٹ بال کا بہت زیادہ ٹیلنٹ ہے اور فٹ سال کے متعارف ہونے سے باصلاحیت کھلاڑی سامنے آئیں گے جو بین الاقوامی سطح پر بلوچستان اور ملک کا نام روشن کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ فٹ سال سٹیڈیم میں سکولوں کے بچوں کو کھیلنے کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کئے جائیں گے اور آئندہ سال جون تک فٹ سال کے پانچ اسٹیڈیم مکمل ہوجائیں گے جبکہ آئندہ مالی سال میں مزید اضلاع میں یہ اسٹیڈیم تعمیر کئے جائیں گے۔ افتتاحی تقریب کے موقع پر فٹ سال کا نمائشی میچ بھی کھیلا گیا جبکہ سکولوں کے مابین فٹ سال ٹورنامنٹ کا آغاز کل سے ہوگا جس میں سولہ ٹیمیں حصہ لیں گی۔