خبرنامہ بلوچستان

دہشتگردی کو مذہب سے جوڑنا مغربی ایجنڈا ہے :مولانا فضل الرحمن

کوئٹہ:(اے پی پی)مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ دہشت گردی کو مدرسوں سے جوڑنا مغربی ایجنڈا ہے ، مسلمان دہشت گرد نہیں مگر ہر دہشت گرد کو مسلمان سمجھا جا رہا ہے ۔ کوئٹہ کے مقامی ہوٹل میں میڈیا سے بات چیت کے موقع پر جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ امریکہ طاقت کا استعمال کر کے انسانیت کا خون بہا رہا ہے اور ہمیں امن کا درس دیتا ہے ۔ ہم ملک اور اداروں سے متعلق اچھی رائے رکھتے ہیں آج اسلامی دنیا کی جغرافیائی حدود کو خطرہ ہے اس وقت ہم آزمائش کے دور سے گزر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام میں آزادی کا تصور بنیادی حیثیت رکھتا ہے ، آج مسلم لیگ ن نے پنجاب اسمبلی میں مسترد کردہ بل پاس کروا لیا جسے مشرف کے دور میں مسترد کیا گیا تھا ۔ یہ بل خواتین کو مادر پدر آزادی دینے کے مترادف ہے ۔ پاکستان میں امریکہ کو آقا سمجھنے کا تصور عام ہے پاکستان کو بچانے کے لیے بلوچستان کو بچانا ضروری ہے ، مقتدر قوتیں جمہوریت کو دیوار سے لگانے کی کوشش کر رہی ہیں ۔