خبرنامہ بلوچستان

سانحہ تربت، ایف آئی اے نے 3 سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا

سانحہ تربت، ایف آئی اے نے 3 سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا
اسلام آباد:(ملت آن لائن) وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے سانحہ تربت میں انسانی اسمگلرز کے 3 سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا۔ ایف آئی اے نے وزیرداخلہ احسن اقبال کی ہدایت پرسانحہ تربت کے ذمہ داروں کا سراغ لگاکر ملزمان کی گرفتاریوں کے لیے آپریشن شروع کردیا ہے اور تازہ کارروائیوں میں 3 ملزمان کو گرفتار کرکے انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ سانحہ کے فوری بعد ایف آئی اے نے شہداء کے خاندانوں سے رابطہ کیا اور تفصیلات حاصل کرکے ابتدائی شواہد کی روشنی میں انسانی اسمگلرز کے سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا،ملزمان کو گوجرانوالہ اور سمبریال کے اضلاع سے چار متاثرہ خاندانوں کی اطلاع پر گرفتار کیاگیا، گرفتار ایجنٹس میں عبدالوحید، ظفر اقبال اور محمد تنویر شامل ہیں جنہیں تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم محمد تنویر ترکی میں مقیم رشید چیمہ کا بھتیجا ہےجس نے غفار اور زعفران نامی افراد سے ڈیڑھ لاکھ روپےوصول کیےلیکن ان دونوں کو پنجگور بارڈر پر قتل کردیا گیا،ابتدائی مرحلے میں تین ملزمان کی گرفتاری اہم پیش رفت ہے اب اس سنگین واقعہ میں ملوث باقی نیٹ ورک تک پہنچنے میں مدد ملے گی۔ گزشتہ روز تربت سے 15 افراد کی گولیوں سے چھلی لاشیں ملی تھیں جو غیرقانونی طور پر یورپ بھیجنے والے انسانی اسمگلروں کے جھانسے میں آگئے تھے جب کہ تمام مقتولین کا تعلق صوبہ پنجاب سے تھا۔