خبرنامہ بلوچستان

سبی میلے کا آغاز ہوگیا

اسلام آباد ۔ 25 فروری (اے پی پی) موسم بہار کی آمد پر رنگا رنگ سبی میلے کا آغاز ہوگیا۔ پی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق میلے کا افتتاح گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کیا، اس موقع پر گورنر بلوچستان نے اپنے خصوصی خطاب میں کہا کہ میلے کا انعقاد بلوچستان میں امن و امان کی علامت ہے ۔ وزیر اعظم محمد نواز شریف کے انسداد دہشتگردی کیلئے موثر اقدامات سے ملک بھر سے دہشتگردی کا خاتمہ ہو رہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاک فوج کے جوانوں نے یہ جنگ لڑنے کیلئے لازوال قربانیاں دیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی پالیسیوں سے ملک میں سرمایہ کاری کو فروغ ملا ہے ۔ گوادر بندرگاہ بلوچستان اور ملک کے روشن مستقبل کی ایک حقیقت ہے ۔