خبرنامہ بلوچستان

سی پیک؛ بلوچستان میں ترقی کےنئےدورکاآغازہوگا:یعقوب خان

کوئٹہ: (اے پی پی) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے مرکزی سینئر نائب صدرسنیٹر سردار یعقوب خان ناصر نے کہا ہے کہ سی پیک کی تکمیل سے بلوچستان میں معاشی وسماجی ترقی کے دور کے نئے باب کا آغاز اور صوبے میں صنعتی ومعاشی ترقی، پسماندہ اور دور افتادہ علاقوں کی ترقی جبکہ کوئٹہ بوستان ،خضدار اور دیگر علاقوں میں اکنامک زونز کے قیام سے روزگار کے بے شمار مواقع میسر آسکیں گے جبکہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے دل گوادر میں وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور ترقیات احسن اقبال کی خصوصی ہدایت اورذاتی دلچسپی سے تعلیم وصحت کے سہولیات کی فراہمی اور صاف پانی وبجلی کے بلا تعطل فراہمی کیلئے کروڑوں روپے کی لاگت سے ترقیاتی منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے جنکی تکمیل سے گوادر کو معاشی وجیواسٹرٹیجک مقاصد کے لیے استعمال میں لایا جاسکے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے پیر کو ’’اے پی پی ‘‘سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سنیٹر سردار یعقوب خان ناصر نے کہا کہ سی پیک کی تکمیل سے بلوچستان میں معاشی وسماجی دور کے نئے باب کا آغاز اور صوبے میں صنعتی ومعاشی ترقی، پسماندہ اور دور افتادہ علاقوں کی ترقی جبکہ کوئٹہ بوستان ،خضدار اور دیگر علاقوں میں اکنامک زونز کے قیام سے روزگار کے بے شمار مواقع میسر آسکیں گے ۔انہوں نے کہا کہ سول وعسکری قیادت پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے حوالے سے ایک صفحہ پر ہے جبکہ سینٹرل ایشیاء کے گیٹ وے گوادر کے محل وقوع اور اسکی جیو اسٹریٹجک اہمیت ہی سی پیک کے منصوبے کو توانائی بخشی ہے ۔ایک سوال کے جوا ب میں سنیٹر سردار یعقوب خان ناصر نے بتایا کہ پاک چین دوستی وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ہمالیہ کے بلند سمندر کی گہرائی سے زیادہ گہری ،شہد کی میٹھاس سے زیادہ میٹھی اور فولاد سے بھی زیادہ مضبوط ہوچکی ہے جبکہ 46ارب ڈالرز کی پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے سے بلوچستان میں غیر معمولی ترقیاتی عمل کا آغاز ،خوشحالی ،روزگار اور نئی سرمایہ کاری آئے گی۔