خبرنامہ بلوچستان

شناختی کارڈ کیلئے لائن میں کھڑا شخص دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق

ٹانک(آئی این پی)ٹانک میں نادرا رجسٹریشن سینٹر میں شناختی کارڈ کے حصول کے لئے کئی گھنٹے لائن میں کھڑا قبائلی دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگیا۔ جنوبی وزیرستان کی تحصیل لدھا سے تعلق رکھنے والا آئی ڈی پی سفیر برکی نامی شخص پولیٹیکل کمپائونڈ جنوبی وزیرستان ٹانک میں واقع نادرا رجسٹریشن سینٹر میں صبح سے شناختی کارڈ کے ٹوکن کے حصول کیلئے لائن میں کھڑا تھا۔ کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود اس کا نمبر تو نہیں آیا لیکن اسے دل کا دورہ ضرور پڑگیا جس نے اس کی جان ہی لے لی۔ آئی ڈی پیز کا کہنا ہے کہ روزانہ شناختی کارڈ کے لئے سارا دن لائنوں میں کھڑے رہنے کے باوجود انہیں ٹال دیا جاتا ہے جبکہ باہر بیٹھے ایجنٹ پیسے لے کر یہ کام کررہے ہیں۔ انہوں نے وفاقی وزیرداخلہ اور گور نر سے مطالبہ کیا کہ وہ واقعے کا نوٹس لیں اور نادراآفس جنوبی وزیرستان میں اسٹاف اور مشینری کی کمی کو دور کیا جائے۔