خبرنامہ بلوچستان

عبدالمجید اچکزئی مزید 7 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

کوئٹہ(ملت آن لائن)کوئٹہ میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے رکن بلوچستان اسمبلی عبدالمجید اچکزئی کی گاڑی کی ٹکر سے ٹریفک سارجنٹ کی ہلاکت اور ایک شخص کے اغواء کے کیس میں 7 روزہ مزید ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

ایم پی اے عبدالمجید اچکزئی کی گاڑی کی ٹکر سے ٹریفک سارجنٹ حاجی عطاء اللہ کی ہلاکت کے کیس میں ایم پی اے عبدالمجید اچکزئی کو پولیس کی حراست میں 5 روزہ ریمانڈ کی تکمیل پر متعلقہ تھانے سے انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا۔

کیس کی سماعت عدالت کےجج داود خان ناصر نے کی، سماعت کے موقع پر پولیس حکام کی جانب سے عدالت سےایم پی اے کےمزید ریمانڈ کی درخواست کی گئی جسے منظور کرتے ہوئے انہیں سات روزہ مزید ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا۔

اس دوران عدالت میں عبدالمجید اچکزئی کےخلاف ایک شخص کے اغواء کےکیس میں نامزدگی بھی سامنے لائی گئی جس پر اغواء کےکیس میں بھی ملزم عبدالمجید اچکزئی کو 7 روزہ ریمانڈ پر پولیس کےحوالے کردیاگیا۔

عبدالمجید اچکزئی سیٹلائٹ ٹاؤن میں ایک شخص کےاغواء میں نامزدتھے، ان کےخلاف سال 2009 میں دفعہ 365 کے تحت ایک شخص کےاغواء کامقدمہ درج ہوا تھا، بعد میں کیس کی سماعت ملتوی کردی گئی، جس کےبعد عبدالمجید اچکزئی کو واپس متعلقہ کینٹ تھانہ منتقل کردیا گیا۔