خبرنامہ بلوچستان

قتل اور تخریب کاری میں مطلوب فراری کمانڈرظفر بگٹی ہلاک

کوئٹہ : (ملت+ اے پی پی ) کمانڈنٹ فرنٹیئرکور سبی سکاؤٹس کرنل ذوالفقار باجوہ نے کہاہے کہ 2014میں سبی کے قریب مٹھڑی کے مقام پر انجینئر معراج عمرانی اوران کے بچوں کے قتل میں ملوث دہشت گرد ظفربگٹی نوتال کے قریب سیکورٹی فورسز کی کارروائی میں ہلاک ہوگیا جس کے بعد کالعدم تنظیموں کے لوگ سرنڈر ہونے کیلئے رابطے میں ہیں ۔ان خیالات کااظہارانہوں نے بدھ کو ایف سی مددگار سینٹر میں ڈی آئی جی پو لیس نصیر آباد ریجن شرجیل کھرل اور معراج عمرانی کی کمسن صاحب زادی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ 25ستمبر 2016 کو رات 1بجے کے قریب سی جیکب آباد روڈ اورریلوے ٹریک کی حفاظت کیلئے مامور پٹرولنگ کے دوران نوتال کے قریب مشتبہ افراد کی نقل وحرکت نظرآئی جس پر سیکورٹی اہلکاورں نے انہیں گھیرے میں لینے کی کوشش کی تاہم مشتبہ افراد نے اندھادھند فائرنگ شروع کردی جس پر ایف سی اہلکاروں نے ان کی فائرنگ کا مو ثر جواب دیا۔ اس دوران فائرنگ سے ایک دہشت گرد بھی ہلاک ماراگیا اور اس طرح ریلوے ٹریک کواڑانے کی کوشش ناکام بنادی گئی انہوں نے کہاکہ کار روائی کے دوران اسلحہ بھی برآمدکرلیاگیا جس کے بعد یہ واضح ہوگیاکہ ماراجانیوالا فراری کمانڈر ظفربگٹی تھا جوعرصہ دراز سے دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھا۔ انہوں نے کہاکہ اس سے قبل اس کابھائی غلام محمدبگٹی بھی علاقے میں دہشت گردی میں ملوث تھاجو سبی کے قریب ریلوے ٹریک پر آئی ای دی نصب کرتے ہوئے دھماکے کے دوران ہلاک ہوگیاتھا۔ انہوں نے کہا کہ ظفربگٹی 11نومبر2014کو سبی کے قریب مٹھڑی میں انجینئر معراج عمرانی اوراس کے معصوم بچوں سمیت پورے خاندان کو صفحہ ہستی سے مٹادیاتھا، اس واقعہ میں صرف انجینئر معراج عمرانی کی ایک صاحبزادہ کلثوم بی بی بچ گئی تھی ۔ انہوں نے کہاکہ مذکورہ دہشت گردکی ہلاکت کے بعد دودنوں کے دوران 40 سے زائد کالعدم تنظیم کے افراد سرنڈرہونے کیلئے رابطے میں ہے ۔اس موقع پر ڈی آئی جی پولیس نصیرآباد شرجیل کھرل کاکہناتھاکہ ظفربگٹی کیخلاف 2001 ایک پہلامقدمہ درج ہواتھا اوراب تک اس کیخلاف تقریباََ55مقدمات درج ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وہ پولیس اہلکاروں سمیت ٹارگٹ کلنگ کے وا قعا ت میں بھی ملوث تھا۔ انہوں نے کہاکہ پولیس اور فرنٹیئر کوربلوچستان کے باہمی تعاون کی بدولت اور عوام کی بھر پور تائید کے بعد گزشتہ روز ہونے کارروائی سے علاقے میں مثبت اثرات مرتب ہونگے ۔