خبرنامہ بلوچستان

محکمہ صحت فوری طور پر ڈیرہ مراد جمالی میں ہیپاٹائٹس کے علاج معالجہ کو یقینی بنانے کے لیے مرکزی سینٹر کا قیام عمل لائے ، بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی رہنما میر اظہار خان کھوسہ

کوئٹہ۔(ملت آن لائن) بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی رہنما وسابق صوبائی وزیر میر اظہار خان کھوسہ نے کہا ہے کہ نصیرآباد ڈویژن میں ہیپاٹائٹس بی اور سی کی بڑھتی ہوئی مریضوں کی تعداد تشویشناک عمل ہے، پینے کے صاف پانی کی سہولیات کی عدم فراہمی کے باعث یرقان کی امراض میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے حکومت اپنی سطح پر اس امراض سے بچاؤ کے لیے بھرپور کوشش کر رہی ہے مگر علاج معالجہ مہنگا ہونے سے غریب افراد کو انہتائی سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، ہیپاٹائٹس کے علاج کے لیے سرکاری سطح پر مرکزی سینٹر کوئٹہ میں ہونے سے نصیرآباد ڈویژ ن سے تعلق رکھنے والے مریضوں کو بہت سی مشکلات پیش آرہی ہیں بھاری اخراجات برداشت کرکے مریضوں کو ادویات اور انجکشن کے لیے کوئٹہ جانا پڑ رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔میر اظہار خان کھوسہ نے کہا کہ نصیرآباد ڈویژن میں ہیپاٹائٹس بی اور سی کے مریضوں کی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے محکمہ صحت حکومت بلوچستان فوری طور پر ڈیرہ مراد جمالی میں ہیپاٹائٹس بی اور سی کی علاج معالجہ کو یقینی بنانے کے لیے مرکزی سینٹر کا قیام عمل میں لاکر غریب عوام کو کوئٹہ کے اخراجات سے بچایا جائے تاکہ مریضوں کو مقامی سطح پر مفت میڈیسن اور ٹیکہ جات کی سہولت میسر ہو سکے ۔انہوں نے کہاکہ پہلے سے بھی یہاں پر ڈاکٹرز کی ٹیم کام تو کر رہی ہے لیکن وہ ادویات اور ٹیکہ جات کے لیے مریضوں کو کوئٹہ ریفر کررہی ہے جہاں مریضوں کو کوئٹہ میں انتہائی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان اور صوبائی وزیرصحت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس عوامی اہم مسلے کے حل پر خصوصی توجہ دیکر غریب عوام کو مشکلات سے نجات دلایا جائے۔