خبرنامہ بلوچستان

ملازمین کی پروموشن کے لیے قانون کے مطابق کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہوگی

کوئٹہ (ملت آن لائن + اے پی پی) اسپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ حمید خان درانی نے کہا ہے کہ میری کوشش ہے کہ بلوچستان اسمبلی کو قانون کے مطابق چلاؤں،اسمبلی ملازمین ڈسپلن اور ایمانداری سے کام کی گارنٹی دیں تو انشاء اللہ ان کے جائز مسائل کے حل کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھاؤنگی،ملازمین کی پروموشن کے لیے قانون کے مطابق کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہوگی ،اسمبلی ملازمین کے لیے رہائشی اسکیم کے لیے حکومت سے کہا ہے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے پیر کو اسمبلی سٹاف ایسوسی ایشن کی حلف برادری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں صوبائی وزیر تعلیم عبدالرحیم زیارتوال ،صوبائی وزیر عبید اللہ جان بابت ،اراکین اسمبلی حاحی عبدالمالک ،آنیتہ عرفان ،اکبر آسکانی،ثمینہ خان،عارفہ صدیق ،سپوزمئی اچکزئی سمیت دیگر احکام شریک تھے،اسپیکرراحیلہ حمید خان درانی نے اسمبلی اسٹاف ایسوسی ایشن کے نو منتخب صدر ظفر علی رند اور ان کی کابینہ کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ اسمبلی ملازمین کے جائز حقوق کے لیے کردار ادا کرینگے ،انہوں نے کہا کہ اس وقت پانچ ہزار ملازمین ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان اسمبلی قانون ساز ادارہ ہے ہم سب کو ملکر اپنے کام کو ایمانداری سے سرانجام دینا ہوگا اسمبلی سٹاف کے رہائشی سکیم کے لیے حکومت سے بات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹاف کے اضافے کی وجہ سے مزید جدید مشینیں نصب کی ہیں تاکہ سٹاف کی مشکلات کا خاتمہ ہوسکے،اسی طرح اسمبلی سٹاف کے لیے مختلف ٹریننگز کا اہتمام کررہے ہیں تاکہ ان کی استعدادکار میں اضافہ کیا جا سکے، اسی طرح حج کوٹے میں اضافے کے لیے بھی بات کی ہے انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک مزید ایڈمن بلاک کی ضرورت ہے تاکہ اسٹینڈنگ کمیٹیوں اور مختلف میٹنگز کے لیے درپیش مسائل حل ہوں۔ انہوں نے کہا کہ فوت شدہ ملازمین کے حوالے سے سپریم کورٹ کا فیصلہ موجود ہے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم عبدالرحیم زیارتوال نے کہا کہ میں اپنی جانب سے نومنتخب کابینہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ،اور امید کرتا ہوں کہ اسمبلی چونکہ قانون ساز ادارہ ہے جو قوانین کو پاس کرتی ہے تاکہ عوام کے مشکلات کا ازالہ ہوسکیں،صوبائی حکومت ملازمین کے جائز مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہے رہائشی اسکیم کے لیے وزیر اعلیٰ سے بات کرونگا اس سے قبل اسپیکر نے نومنتخب صدر ظفر علی رند اور انکی کابینہ سے حلف لیا،نومنتخب صدر ظفر علی رند نے اسپیکر کو چادر کا تحفہ دیا۔