خبرنامہ بلوچستان

ملک میں بارش کانیا سسٹم داخل،بلوچستان میں بارش سے موسم سرد

اسلام آباد(آئی این پی) ملک میں بارش کا نیا سسٹم داخل ہوگیا جو کہ سات روز تک جاری رہے گا،مکران، کوئٹہ اور قلات ڈویژن میں چند مقامات پر گرج چمک کیساتھ بارش سے موسم سرد ہوگیا ،محکمہ موسمیات نے کہا کہ آئندہ2روز کے دوران بلوچستان کے اکثر علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرچ چمک کیساتھ بارش اوراس دوران کوئٹہ،ژوب، قلات، مکران اور سبی ڈویژن میں چند مقامات پرژالہ باری اور موسلادھار بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے،آج جمعرات اور جمعہ کو صوبہ سندھ میں کہیں کہیں گرد آلود ہواؤں کیساتھ بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے فورکاسٹنگ آفیسر محمد فاروق کے مطابق بالائی خیبرپختونخواہ، فاٹا، بالائی پنجاب، اسلام آباد اور کشمیر میں اکثر مقامات جبکہ جنوبی پنجاب ، زیریں خیبرپختونخواہ اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے جبکہ ہفتہ اور اتوار کے روز پشاور، کوہاٹ، مردان، ہزارہ، راولپنڈی، اسلام آباد اور کشمیر میں کہیں کہیں موسلادھار بارش کے ساتھ بعض مقامات پر ژالہ باری ہونے کا امکان ہے۔ بارشوں کے باعث کشمیر، خیبرپختونخواہ، فاٹا، ڈی جی خان، راولپنڈی، گوجرانوالہ، ہزارہ اور پشاور ڈویژن کے نشیبی علاقوں کے زیر آب اورمقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔آئندہ دوروز تک بلوچستان کے ماہی گیر محتاط رہیں اورگہرے سمندر میں جانے سے گریز کریں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گاتاہم بلوچستان (کوئٹہ، قلات، مکران، ژوب، سبی، نصیر آباد ڈویژن) میں کہیں کہیں جبکہ بالائی سندھ (سکھر، لاڑکانہ ڈویژن)،زیریں خیبرپختونخواہ (بنوں، ڈی آئی خان ڈویژن), جنوبی وزیرستان، جنوبی پنجاب( بہاولپور اور ڈی جی خان ڈویژن) میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہاتاہم مکران، کوئٹہ اور قلات ڈویژن میں چند مقامات پر گرج چمک کیساتھ بارش ہوئی۔ کوئٹہ(شیخ ماندہ12، ائیرپورٹ02)، پنجگور07، خضدار 06، دالبندین04، قلات03اور نوکنڈی میں01 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ سب سے کم درجہ حرارت استورمیں00 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت مٹھی اور چھور میں 34 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ لاہور میں29، کراچی29 ، پشاور 28، کوئٹہ 18 اور راولپنڈی میں28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔