خبرنامہ بلوچستان

نوجوانوں کےمستقبل کیلئےغیرمعمولی اقدامات کرنا ہوں گے: راحیلہ

کوئٹہ: (اے پی پی) سپیکر صوبائی اسمبلی راحیلہ حمید خان درانی نے کہا ہے کہ بلوچستان رقبے کے لحاظ سے ملک کا سب سے بڑا صوبہ ہے اور قدرتی وسائل سے مالا مال ہے ان وسائل کو بروئے کار لانے کیلئے موجودہ صوبائی حکومت ٹھوس اقدامات کررہی ہے۔صوبے کے دور افتادہ علاقوں میں بنیادی سہولیات کو یقینی بنانے کیلئے تمام تروسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے۔ نوجوان ملک کا اثاثہ ہیں ہمیں ان کی بہتر مستقبل کیلئے غیر معمولی اقدامات کرنا ہوں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب کی مختلف یونیورسٹیوں کے طلباء و طالبات کا وفد جو یوتھ موبلائزیشن کمپئین کے تحت بلوچستان کے مطالعاتی دورے پر ہے سے اسمبلی کے دورے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ نوجوان طلباء و طالبات اپنے اپنے صوبوں کے سفیر ہوتے ہیں انہیں نے بین الصوبائی مطالعاتی پروگرام کے تحت صوبوں کا دورہ کرانا چاہئے تاکہ ان صوبوں میں بسنے والوں کی روایات، ثقافت اور طور طریقوں سے متعلق انہیں جان کاری مل سکے ان کے اندر اتحاد کا جذبہ پروان چڑھ سکے اور انہیں ملک کی ترقی و خوشحالی کے عمل میں بہتر طریقے سے متحرک کیا جاسکے۔ہمیں متحد ہوکر ملک کی ترقی کیلئے کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے چائنا کی مثالی ترقی کے بارے میں طلباء کو بتاتے ہوئے کہا کہ چین نے دنیا میں اعلیٰ تعلیم کو فرغ دے کر یہ مقام حاصل کیا ہے اور اس کی ترقی کی مثالیں دنیا بھر میں دی جاتی ہیں۔ انہوں نے طلباء پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایماندری کو اپنا شعار بنائیں اور اعلیٰ تعلیم حاصل کرکے ملک کی ترقی میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔