خبرنامہ بلوچستان

نوجوان مستقبل کےچیلنجزسےمقابلےکیلئےتیاررھیں:ثناء اللہ

کوئٹہ(آئی این پی) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ نام نہاد آزادی کے نعروں نے بہت سے نوجوانوں کے مستقبل کو تاریک کردیا گیا، طلباء و طالبات گمراہ کرنے والے عناصر سے دور رہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں مختلف جامعات کے 2سو سے زائد طلباء و طالبات میں صوبائی حکومت کی جانب سے لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں کمانڈرسدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض صوبائی وزراء اسپیکر و ارکان صوبائی اسمبلی ودیگر بھی شریک ہوئے۔وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے طلباء و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک چائنا اقتصادی راہداری کے ثمرات نوجوانوں تک ضرور پہنچیں گے، کسی بھی نوجوان کی حق تلفی نہیں ہونے دیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے پبلک سروس کمیشن کو آزاد و خود مختار ادارہ بنادیا ہے، انہوں نے طلباء و طالبات پر لگن سے تعلیم حاصل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان مستقبل کے چیلنجز سے مقابلہ کرنے کیلئے خود کو تیار رکھیں۔صوبے کے پڑھے لکھے نوجوان کسی سے کم نہیں، انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ میں ہمارے نوجوان بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔