خبرنامہ بلوچستان

نوشکی: ڈرون حملےکی ایف آئی آرامریکی حکام کےخلاف درج

کوئٹہ:(آئی این پی) نوشکی میں کئے گئے ڈرون حملے پر امریکی حکام کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ نوشکی کے لیویز تھانے میں 21 مئی کو امریکی ڈرون حملے میں جاں بحق ہونے والے محمد اعظم کے بھائی کی مدعیت میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے، مقدمے میں امریکی حکام کو نامزد کیا گیا ہے اور اس میں قتل ، اقدام قتل اور دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔ محمد اعظم کے بھائی نے ایف آئی آر میں موقف اختیار کیا ہے کہ امریکی حکومت نے اعظم کو بے گناہ نشانہ بنایا اور اس حملے کی ذمہ داری انہوں نے قبول بھی ہے، اس لئے ان کے خلاف مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق بلوچستان کے ضلع نوشکی میں امریکی ڈرون حملے میں ہلاک ہونے والے دوسرے شخص کی شناخت ہوگئی ہے جو افغان طالبان کا سابق امیر ملا اختر منصور تھا۔ ترجمان کے مطابق لاش کی شناخت ڈی این اے ٹیسٹ سے ہوئی جس کا میچ ملا اختر منصور کے قریبی عزیزسے لیا گیا جو ملا منصور کی میت لینے افغانستان سے آیا تھا۔ نوشکی کے علاقے احمد وال میں امریکا نے ایک گاڑی پر ڈرون حملہ کیا تھا جس میں تحریک طالبان افغانستان کے سابق امیر ملا اختر منصور کی ہلاکت کے علاوہ پاکستانی ڈرائیور محمد اعظم بھی ہلاک ہوا تھا تاہم پاکستانی حکام نے فوری طورپر ملا اخترمنصور کی ہلاکت کی تصدیق نہیں کی تھی جب کہ حملے پر امریکی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدیداحتجاج بھی کیا گیا تھا۔