خبرنامہ بلوچستان

پاکستان ان تین ممالک میں شامل ہے جن میں ابھی تک پولیو وائرس موجود ہے: غلام فرید

کوئٹہ (ملت + اے پی پی) کمشنر ژوب ڈویژن غلام فرید کی زیر صدارت ڈویژنل پولیو ٹاسک فورس کاپہلااجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈی سی لورالائی محمد زمان بازئی،ڈی سی بارکھان محمد اکبر ترین،ڈی سی موسی خیل یاسر خان ، ڈی سی ژوب عظیم خان کاکڑ،ڈی سی شیرانی حیات اللہ خان ،فوکل پرسن برائے پولیو بلوچستان ڈاکٹر مسعود خان جوگیزئی،نمائندہ ڈبلیو ایچ اوڈاکٹر جہانزیب کاکڑ،ژوب ڈویژن کے تمام اضلاع کے ضلعی آفسران صحت ،پی پی ایچ آئی کے ڈی ایس ایم ڈاکٹر رفیق شلگری، ڈاکٹر وحید، ڈاکٹر امین اوردیگر متعلقہ ڈویژنل و ضلعی آفسران نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔نمائندہ ڈبلیو ایچ او ڈاکٹر جہانزیب کا کڑ نے اجلاس کے شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان ان تین ممالک میں شامل ہے جن میں ابھی تک پولیو وائرس موجود ہے تاہم رواں سال پورے ملک میں صرف۱۵ کیس رپورٹ ہوئے ہیں جس میں بلوچستان شامل نہیں ہے انہوں نے کہا کہ ہر مہم کے چھٹے دن سروے کیا جاتا ہے اور رش والی گلی یا چوک پر ایک سو بچوں کو چیک کیا جاتا ہے ستمبر۲۰۱۶کے مارکیٹ سروے کے مطابق بارکھان ۹۳ قلعہ سیف اللہ ۹۶ لورالائی۹۷ موسی خیل ۹۰ شیرانی ۹۴ اور ژوب میں۹۲فیصد بچوں کو قطرے پلائے گئے تھے ۔ژوب ڈویژن میں افغان مہاجرین کیمپ پولیو کے حوالے سے ہائی رسک علاقوں میں شامل ہیں ۔انہوں نے گذشتہ مہمات کی پوری تفصیل اور قطرے پلانے سے رہ گئے بچوں کی تعداد بتائی اجلاس میں پولیو مہم کے حوالے سے در پیش مسائل پر بحث کے دوران اجلاس کو یہ بات بتائی گئی کہ گذشتہ دو سال سے لورالائی کے ۳۶ یونین کونسلز کے نظر ثانی شدہ مائکرو پلان ڈبلیو ایچ او کو بجھوائے گئے مگر اب تک کوئی جواب موصول نہیں ہوا جس کے باعث کام میں شدید دشواری کا سامنا ہے ۔پولیو مہم کے نتائج کو مزید بہتر بنانے کے لئے ژوب ڈویژن کے کئی علاقوں میں فیمیل ٹیموں کی تعداد بڑھانا ضروری ہے مگر سیکیورٹی اور ٹرانسپورٹ مسائل کے باعث یہ امر بھی پورا نہیں کیا جا سکا نیز ژوب ڈویژن کے دور دراز علاقوں میں موبائل ٹیموں کی تعداد کا تعین آبادی کے بجائے رقبے کی بنیاد پر کیا جائے اجلاس میں ای او سی اور ڈبلیو ایچ او کے نمائندے کو بتایا گیا کہ مستقل ٹرانزٹ پوائنٹ دکی کوبحال کرنا ضروری ہے ۔کمشنر ژوب ڈویژن نے اس موقع پر کہاکہ پولیو ایک مہلک مرض ہے جو ملک کی بدنامی اور معصوم بچوں کی زندگی کو مشکل میں ڈالنے کا سبب ہے جس کے خلاف جہادہم سب کی قومی ذمہ داری ہے انہوں نے کہا کہ ژوب ڈویژن ایک وسیع علاقے پرمحیط اور اس کی سرحد دو صوبوں کے ساتھ ملتی ہیں اور یہاں پر خانہ بدوشوں کی آمدورفت بھی ہوتی ہے جس کے باعث ہر بچے تک پہنچنے کے لئے سخت محنت اور وسائل درکار ہیں ۔کمشنر نے کہا کہ پولیو مہم کے دوران سامنے آنے والے مسائل کو حل کئے بغیر مطلوبہ نتائج حاصل کرنا دشوار ہے انہوں تمام متعلقہ آفسران کو ہدایت کی کہ مسائل کے حوالے سے جامع رپورٹ فراہم کی جائے تاکہ انہیں حل کرنے کیلئے اعلی حکام سے رابطہ کیا جا سکے کمشنر نے تمام ڈپٹی کمشنروں کو پولیو مہم کی خود نگرانی اور حساس علاقوں کے دورے کر نے کی ہدایت کی انہوں ڈپٹی کمشنر لورالائی کو دکی میں عارضی ٹرانزٹ پوائنٹ بحال کرنے کی ہدایت کی اجلاس میں ۲۴ اکتوبر سے شروع ہونے والے انسداد پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ بھی لیا گیا ۔