خبرنامہ بلوچستان

پاکستان میں پارلیمانی طرز حکومت ہے‘تمام ادارےپارلیمان کو جوابدہ ہیں: ڈاکٹر حامد خان

کوئٹہ(ملت+ آئی این پی )صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات ڈاکٹر حامد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ پاکستان میں پارلیمانی طرز حکومت ہے، پاکستان کے تمام ادارے خواہ وفاقی ہوں یا صوبائی وہ پارلیمان کو جوابدہ ہیں ، بلوچستان اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں بالخصوص پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کو کسی بھی صوبائی ادارے کاآڈٹ اور ریکارڈ طلب کرنے کا حق اوراختیار حاصل ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے دورے کے موقع پر اتھارٹی کے افسران اور یونین کے عہدیداروں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ قائمہ کمیٹیاں محنت اور فرض شناسی کے ساتھ اپنی فرائض سرانجام دے رہی ہیں تمام اداروں کا فرض ہے کہ ان سے بھرپور تعاون کرتے ہوئے کمیٹیوں کو مضبوط کریں، کمیٹیوں کی بہتر کارکردگی صوبائی حکومت ، اسمبلی اور ہمارے اداروں کی کامیابی ہے، صوبائی وزیرنے کہا کہ وہ اور صوبائی حکومت بی ڈی اے کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے حتیٰ الوسع کوشش کر رہے ہیں، اس حوالے سے بی ڈی اے کے ملازمین کے مسائل کے حل اور اتھارٹی کو درپیش مالی و دیگر مشکلات کو دور کرنے کے لیے اقدامات کئے جا رہے ہیں، تاہم بی ڈی اے کا ہر افسر اپنی کارکردگی اور دفاع کا خود ذمہ دار ہے انہوں نے ہدایت کی کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی سمیت کوئی بھی کمیٹی بی ڈی اے سے جو بھی دستاویزات طلب کرے وہ بروقت پہنچائیں جائیں بالخصوص انہوں نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی جانب سے طلب کئے گئے بی ڈی اے کے گذشتہ دور حکومت کا ریکارڈ کو فوری طور پر کمیٹی کے سامنے پیش کرنے کی ہدایت کی۔