خبرنامہ بلوچستان

پاکستان گزشتہ پندرہ سال کے دوران کڑے امتحان سے گزرا، بحالی امن کیلئے شہداء کی بے شمار قربانیاں ہیں، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان

کوئٹہ۔(ملت آن لائن)وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہاہے کہ پاکستان گزشتہ پندرہ سال کے دوران کڑے امتحان سے گزرا، بحالی امن کیلئے شہداء کی بے شمار قربانیاں ہیں اوران ہی قربانیوں کی بدولت آج بلوچستان ،فاٹا اورکراچی میں امن قائم ہے، 6 ستمبر ملکی تاریخ کااہم دن ہے جو ہمیں شہداء کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 6ستمبر کے حوالے سے کوئٹہ کینٹ میں شہداء کی فیملیز سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرکمانڈرسدرن کمانڈ لفینینٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ ،وزیرداخلہ سلیم احمد کھوسہ ،آئی جی ایف سی میجرجنرل ندیم انجم ،صوبائی وزراء سمیت اعلیٰ سول وفوجی حکام بھی موجودتھے ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ شہداء کی قربانیوں کی بدولت آج امن کا قیام ممکن ہوااوربلوچستان میں معمولات زندگی بحال ہیں ۔سیکورٹی فورسز نے قیام امن کیلئے لاز وال قربانیاں دی ہیں ۔شہداء کے لواحقین کوتنہا نہیں چھوڑیں گے اورتعلیم وروزگار سمیت شہداء کے ورثاء کے تمام مسائل حل کریں گے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہدائے کے لواحقین کو معاوضہ کی ادائیگی کی پالیسی کا ازسرنو جائزہ لیکر اسے بہتر بنایا جائے گا،انہوں نے کہا کہ ماضی میں گورننس پر توجہ نہیں دی گئی جس کے باعث مسائل پیداہوئے ہماری کوشش ہے کہ گڈ گورننس قائم کرکے عوام کو درپیش مسائل حل کئے جائیں ،عوام کے جان ومال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے اور ان ذمہ داریوں سے بہتر طور پر نبردآزما ہونے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہے ہیں۔اس سے قبل وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کمانڈر سدرن کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ کے ہمراہ یادگارشہداء پر حاضری دی ،پھول چڑھائے اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی ،اس موقع پر صوبائی وزراء اعلیٰ سول وفوجی حکام بھی موجود تھے ،بعداز اں وزیراعلیٰ بلوچستان اور کمانڈر سدرن کمانڈنے شہداء کے ورثاء سے ملاقات اور ان کے مسائل سنے ۔