خبرنامہ بلوچستان

چمن :تاجرعبدالنافع بازیاب،36 مبینہ اغواء کار گرفتار

چمن:(اے پی پی) چمن میں سکیورٹی فورسز نے اغواء کاروں کے خلاف سرچ آپریشن کرکے مغوی تاجر عبدالنافع کو بازیاب کرالیا جبکہ 36 مبینہ اغواء کار گرفتار کر کے ان کے ٹھکانوں کو آگ لگادی گئی۔ ڈپٹی کمشنرچمن خدائے داد خان احمد زئی نے مقامی صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ آپریشن خفیہ اطلاع پر چمن کے علاقے میرالزئی میں کیا گیا، اغواء کاروں کے ٹھکانوں سے پانچ موٹرسائیکلیں بھی برآمد کرلی گئیں۔انہوں نے کہا کہ آپریشن کی نگرانی انہوں نے خود کی جبکہ کوئٹہ سے آنے والی اے ٹی ایف اور چمن پولیس اور لیویز اہلکاروں نے اس میں حصہ لیا، آپریشن کے دوران کسی نے کوئی مزاحمت نہیں کی، گرفتار افراد کو مزید تفتیش کے لئے کوئٹہ منتقل کردیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ضلع بھر میں امن وامان بحال کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔