خبرنامہ بلوچستان

چمن میں پاک افغان سرحد پرخود کش حملہ، ایک شخص جاں بحق اورمتعدد زخمی

چمن میں پاک افغان سرحد پرخود کش حملہ، ایک شخص جاں بحق اورمتعدد زخمی
چمن(ملت آن لائن)پاک افغان سرحد کے قریب ٹیکسی اسٹینڈ پر خود کش حملے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 9 افراد زخمی ہوگئے۔

لیویز کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی گاڑی باب دوستی چمن کی جانب جارہی تھی کہ ٹیکسی اسٹینڈ کے قریب خود کش حملہ آور نے گاڑی کے قریب آکر خود کو دھماکا خیز مواد کے ذریعے اڑا لیا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 9 زخمی ہوگئے جن کو سول اسپتال چمن منتقل کردیا گیا جہاں 5 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

لیویز کا کہنا ہے کہ دھماکے کے فوری بعد پاک افغان سرحد کو دوبارہ بند کرکے ہر قسم کی آمدو رفت معطل کردی گئی جب کہ فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

باجوڑایجنسی میں تحصیل لوئی ماموند کے علاقے تنگی گڑیگال میں سڑک کے کنارے ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں 6 افراد شہید ہوگئے ہیں۔

پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق ریموٹ کنٹرول دھماکے میں پولیٹیکل تحصیلدار فواد علی شاہ کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جو کسی جرگے میں شرکت کے لئے جارہے تھے، دھماکے میں 5 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جب کہ دیگر زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جس میں سے ایک اور زخمی اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ شہید ہونے والے لیویز اہلکاروں کی شناخت معتبر، برادر، یوسف، جان محمد اور راشد زمان سے ہوئی ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہیں سیکورٹی فورسز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔