خبرنامہ بلوچستان

چمن: پاک افغان سرحد پرباب دوستی 12ویں روزبھی بند رہا

چمن: (آئی این پی ) چمن بارڈر پر باب دوستی پیر کو 12ویں روز بھی ہر قسم کی آمدورفت کیلئے بند رہا، تاجروں نے طورخم سرحد کو متبادل روٹ کے طور پر استعمال کرنا شروع کر دیا ۔ باب دوستی کی بندش سے نیٹو سپلائی،ٹرانزٹ ٹریڈ سمیت دوطرفہ تجارت اور ہرقسم کی پیدل آمدورفت بھی معطل رہی ،سرحد کے دونوں جانب مال بردار گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں ۔ باب دوستی کی طویل بندش سے پریشان پاک افغان تاجروں نے متبادل روٹ استعمال کرنا شروع کر دیا ہے،چمن چیمبر آف کامرس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ تاجروں نے فریش فروٹ طورخم کے راستے سپلائی شروع کر دی ہے جبکہ طورخم سے تاجروں کو روٹ لمبا اور تین گناہ اضافی خرچ کرنا پڑتا ہے۔ دوسری جانب دوستی گیٹ کھولنے سے متعلق پاک افغان سرحدی فورسز میں ڈیڈلاک برقرار ہے،حکام کا کہنا ہے کہ گیٹ کھولنے کیلئے پاک افغان اعلی حکام ہی فیصلہ کریں گے۔