خبرنامہ بلوچستان

ڈسکہ میں مسافر بس واٹر ٹینکرسے ٹکرا گئی، درجنوں افراد زخمی

سیالکوٹ: صوبہ پنجاب کےعلاقے ڈسکہ میں تیزرفتارمسافربس واٹرٹینکر سے ٹکراگئی جس کے نتیجے میں 40 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور سے ہیڈ مرالہ جانے والی تیز رفتار مسافر بس بلدیہ کے واٹر ٹینکر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 40 سے زائد مسافرزخمی ہوگئے۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

پولیس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب واٹر ٹینکر سیالکوٹ ایئرپورٹ جانے والی سڑک پر پودوں کو پانی دے رہا تھا۔

یاد رہے کہ رواں سال 26 اگست کو راولپنڈی کی تحصیل گوجرخان کے قریب چکوال روڈ پرکار پل کی حفاظتی دیوار سے ٹکرا گئی تھی جس کے نتیجے میں 5 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔

پولیس حکام کا کہنا تھا کہ حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔

واضح رہے کہ رواں سال اگست میں صوبہ خیبرپختونخواہ کے ضلع کوہاٹ میں انڈس ہائی وے پرمسافربس اور آئل ٹینکر کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 23 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔