خبرنامہ بلوچستان

کوئٹہ: بارش، گلیاں اورسڑکیں پانی میں ڈوب گئیں

کوئٹہ: (آئی این پی) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت صوبے کے اکثر علاقوں میں مون سون کی بارشیں جاری ہیں۔ کوئٹہ میں آج سہ پہر ہونیوالی بارش نے موسم تو خوشگوار کر دیا لیکن شہر کے کچھ علاقوں میں بارش کا پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہو گیا جس سے سامان کو نقصان پہنچا اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ حکومت کی جانب سے بارشوں سے پیدا ہونیوالی صورتحال سے نمٹنے کے دعوے تو کئے جاتے ہیں لیکن شہریوں کا کوئی پرسان حال نہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج قلات میں 8 ملی میٹر، لسبیلہ میں 16 ملی میٹر اور ژوب میں 4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کوئٹہ سمیت صوبے کے بالائی علاقوں میں مزید بارشوں کا امکان ہے۔