خبرنامہ بلوچستان

کوئٹہ میں فائرنگ سے4 پولیس اہلکارجاں بحق

کوئٹہ:(آئی این پی) شہر میں فائرنگ کے 2 واقعات میں 4 پولیس اہلکار جاں بحق جب کہ ایک راہ گیر زخمی ہوگیا۔کوئٹہ میں فائرنگ کا پہلا واقعہ سریاب روڈ پر چکی شاہوانی کے قریب پیش آیا جہاں نامعلوم مسلح افراد نے گاڑی پر فائرنگ کردی جس میں سوار 2 پولیس اہلکار موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق فائرنگ سے ایک راہگیر بھی زخمی ہوا جسے فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔شہر میں فائرنگ کا دوسرا واقعہ شالکوٹ کے علاقے میں پیش آیا جہاں مسلح افراد نے پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں دونوں اہلکار شدید زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ کوئٹہ میں فائرنگ کے پے در پے واقعات کے بعد سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے جب کہ پولیس نے دونوں واقعات کے بعد جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھا کرکے تفتیش کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے-وزیراعظم نوازشریف نے پولیس اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہید اہلکاروں کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا جب کہ انہوں نے زخمی اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ذمہ داروں ، پشت پناہی کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے جب کہ متعلقہ ادارے ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثرحکمت عملی بنائیں۔