خبرنامہ بلوچستان

گزین مری کی خودساختہ جلاوطنی کے بعد واپسی، کوئٹہ ایئرپورٹ سے گرفتار

گزین مری کی خودساختہ جلاوطنی کے بعد واپسی، کوئٹہ ایئرپورٹ سے گرفتار

کوئٹہ (ملت آن لائن)بلوچ قوم پرست رہنماء نوابزادہ گزین مری تقریباً 17 سالہ خودساختہ جلاوطنی کے بعد کوئٹہ پہنچ گئے جنہیں فوری طور پر گرفتار کرلیا گیا۔

نوابزادہ گزین مری کے کوئٹہ پہنچنے پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے جبکہ ایئرپورٹ پر مری قبیلے کے افراد کی بڑی تعداد ان کے استقبال کے لئے موجود تھی۔

نوابزادہ گزین مری شارجہ سے نجی ایئر لائن کی پرواز کے ذریعے کوئٹہ پہنچے تو پولیس نے ایئرپورٹ سے ہی انہیں حراست میں لے لیا۔

پولیس حکام کے مطابق نوابزادہ گزین مری کو بلوچستان ہائی کورٹ کے جج جسٹس نواز مری کے قتل کیس میں گرفتار کیا گیا ہے۔

جسٹس نواز مری کو 7 جنوری 2000 کو کوئٹہ میں قتل کر دیا گیا تھا اور ان کے مقدمہ قتل میں گزین مری نامزد ہیں۔

گرفتاری کے حوالے سے نوابزادہ گزین مری کے وکیل ارباب طاہر کا کہنا تھا کہ ان کے موکل کو مقدمات میں حفاظتی ضمانت پر ہونے کے باوجود گرفتار کیا گیا جو سرا سر غیر قانونی ہے۔

خیال رہے کہ نوابزادہ گزین مری ممتاز بلوچ قوم پرست رہنماء نواب خیر بخش مری اور نواب جنگیز مری کے چھوٹے بھائی ہیں۔

صوبائی وزیرداخلہ میر سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ نوابزادہ گزین مری کی وطن واپسی کسی ڈیل کے نتیجے میں نہیں ہوئی، گزین مری کو مختلف مقدمات میں نامزد ہونے پر گرفتار کیا گیا ہے۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ گزین مری کو کل عدالت میں پیش کیا جائے گا اور ان کا عدالت سے ریمانڈ حاصل کیا جائے گا۔