خبرنامہ بلوچستان

ہم سب ایک امیدوں اور خوشیوں کا سورج طلوع ہوتا دیکھ رہے ہیں،وزیراعلیٰ بلوچستان

ہم سب ایک امیدوں اور خوشیوں کا سورج طلوع ہوتا دیکھ رہے ہیں،وزیراعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ(ملت آن لائن) وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ ہم سب ایک طویل تاریک رات کے بعد امیدوں اور خوشیوں کا سورج طلوع ہوتا دیکھ رہے ہیں۔ آواران میں امن کا قیام کیڈٹ کالج اور دیگر ترقیاتی منصوبے اس بات کا ثبوت ہیں کہ یہاں دہشت گردی، بدامنی اور پسماندگی کا خاتمہ ہورہا ہے۔ آواران میں قیام امن کے لئے پاک فوج، ایف سی اور لیویز کی کاوشیں اور قربانیاں ہمیشہ سنہرے حروف سے لکھی جائیں گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جھاؤ(آواران) میں کیڈٹ کالج کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ، وفاقی وزیر جام کمال خان، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ، بلدیاتی نمائندگان، قبائلی وسیاسی عمائدین اور علاقے کے عوام کی بڑی تعداد تقریب میں شریک تھی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ امن دشمنوں اور شرپسندوں نے اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کے لئے بے گناہ لوگوں کا خون بہایا۔ مواصلات، صحت، تعلیم اور روزگار کی سہولتوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے ملک دشمن عناصر کو صوبے کے نوجوانوں کو بہکانے کا موقع ملا تاہم آج یہاں ماضی کے مقابلے میں صورتحال بہت بہتر ہے۔ خوف، دہشت اور وحشت کا ماحول ختم ہورہا ہے۔ آواران کے محب وطن اور غیور عوام کا اعتماد بحال ہورہا ہے اور سیکیورٹی اداروں کی کاوشوں سے عوام میں احساس تحفظ پیدا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ آواران جیسے پسماندہ اور دور دراز علاقے میں کیڈٹ کالج کا قیام ایک تاریخی پیش رفت ہے۔ ان کا آواران آواران کے عوام سے قائم رشتہ اور تعلق دنیا کی کوئی طاقت ختم نہیں کرسکتی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ میرا تعلق جس علاقے اور عوام سے ہے وہ باشعور، غیور اور محب وطن ہیں۔غربت اور پسماندگی کے باوجود ان کے عزم اور حوصلوں کو کوئی شکست نہیں دے سکتا۔انھوں نے کہا کہ اس حلقے سے یہاں کے غیور عوام نے نا صرف انہیں بلکہ ماضی میں ان کے والد اور دادا کو بھی کامیابی دلائی آج وہ صوبے کی عوام کی قیادت کررہے ہیں تو یہ بھی آپ کے وو ٹ سے ہی مجھے یہ منصب ملاہے ہم چاہتے ہیں اقتدار کو ایک نئے زاویے میں تبدیل کرکے اس کو عوام کے تابع بنایا جائے وزیر اعلیٰ نے آوران بیلہ رو ڈ کو مر مت کرنے کا اعلا ن کیا اور کہاکہ مستقبل میں اس روڈ کو ازسر نو تعمیر کیا جائے گا انہوں نے آوران سے مشکے تک روڈ کی مرمت اورجھاؤ میں سولر پارک کی تعمیر کا اعلان کیا انہوں نے کہا کہ آواران کے نوجوان باصلاحیت ہیں اور جب بھی انہیں آگے بڑھنے کا موقع ملا ہے انہوں نے اپنی صلاحیتوں کو لوہا منوایا ہے۔ کیڈٹ کالج کے قیام سے آواران کی نوجوان نسل کو تعلیم کے حصول کے بہترین مواقع ملیں گے اور اانہیں یقین ہے کہ آواران کے باشعور عوام کیڈٹ کالج کے قیام کا بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ یقین دلاتے ہیں کہ حکومت علاقے میں مواصلات، تعلیم، صحت، زراعت، مالداری اور آبنوشی کے شعبوں کی ترقی کے جاری عمل کو مزید تیز کرے گی۔آواران کی تعمیر نو کے عمل میں حائل رکاوٹوں کو بھی دورکیا جائے گا او ر زلزلہ متاثرین کی مکمل بحالی کو یقینی بنایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ آواران کو ایک مرتبہ پھر امن کا گہوارہ بنانے کے لئے سیکیورٹی اداروں سے مکمل تعاون جاری رکھیں۔امن ہوگا تو ترقی بھی آئے گی اورعوام کی زندگیوں میں خوشگوار تبدیلی رونما ہوگی۔بعدازاں وزیراعلیٰ نے جھل جاؤ کا دورہ کیا اور وہاں ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ زلزلہ متاثرین کی بحالی اور آواران کی تعمیر نو کے منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے کھلی کچہری کا انعقاد بھی کیا جہاں بڑی تعداد میں لوگوں نے وزیراعلیٰ کو اپنے مسائل کے حوالے سے درخواستیں پیش کیں جن پر وزیراعلیٰ نے موقع پر احکامات جاری کئے۔