Business News

پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن(پی ٹی ای اے) کی جانب سے رواں مالی سال 2017-18ء کے دوران قومی برآمدات میں 15.28 فیصد کا اضافہ خوش آئند قرار

اسلام آباد ۔ 13 جون (اے پی پی)پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن(پی ٹی ای اے) نے رواں مالی سال 2017-18ء کے دوران قومی برآمدات میں 15.28 فیصد کے اضافہ کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ پی ٹی ای اے کے چیئرمین میاں شائق جاوید نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ جولائی 2014ء تا اپریل 2017ء کے دوران ملکی برآمدات میں مسلسل کمی کا رحجان رہا تھا لیکن اس کے بعد ملکی برآمدات میں اضافہ سے قومی معیشت پر خوشگوار اثرات مرتب ہوئے اور جاری مالی سال میں جولائی تا مئی 2017-18ء کے دوران 15 فیصد سے زائد کے اضافہ سے برآمدات کا حجم 21.34 ارب ڈالر تک بڑھ گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ قومی برآمدات کے فروغ میں ویلیو ایڈیڈ ٹیکسٹائل کی برآمدات کا کردار قابل ستائش رہا ہے اور رواں مالی سال کے دوران شعبہ کی برآمدات میں 8.13 فیصد کے اضافہ سے برآمدات کا حجم 11.13 ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ اگر قومی برآمدات میں اضافہ کا رحجان برقرار رہا تو مالی سال کے اختتام تک قومی برآمدات 23 ارب ڈالر سے تجاوز کر جائیں گی جو مالی سال 2014ء کے بعد سب سے زیادہ برآمدات ہوں گی۔