خبرنامہ

ورلڈ بینک پاکستان کومختلف منصوبوں کیلیے65 کروڑ ڈالردیگا

اسلام آباد:(اے پی پی) عالمی بینک چاروں صوبوں میں تعلیم، صحت، پانی اور ڈیزاسٹر کے شعبوں کے لیے پاکستان کو 65کروڑ ڈالر فراہم کرے گا۔ اس حوالے سے پاکستان اور عالمی بینک کے درمیان فنانسنگ کے 4 معاہدے طے پاگئے جس پر گزشتہ روز اسلام آباد میں منعقد ہونے والی تقریب میں پاکستان کی جانب سے سیکریٹری اقتصادی امورڈویژن طارق باجوہ، پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان حکومتوں کے نمائندوں اور عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر پیچاماتھو ایلوگون نے دستخط کیے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر خزانہ نے بطور ڈیولپمنٹ پارٹنر پاکستان کی اقتصادی ترقی میں بھرپور تعاون کرنے پر عالمی بینک کا شکریہ ادا کیا۔ ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نے گزشتہ 3 سال کے دوران ملکی اقتصادی ترقی، اصلاحات اور معیشت کو مستحکم بنانے کے حوالے سے ہونے والی پیشرفت کو سراہا۔ ورلڈ بینک کے اس 65کروڑ ڈالر کے قرض میں سے20کروڑ ڈالر بلوچستان انٹیگریٹڈ واٹر ریسورس مینجمنٹ اینڈ ڈیولپمنٹ پروجیکٹ، 30کروڑ ڈالر پنجاب ایجوکیشن سیکٹر پروجیکٹ(پی ای ایس پی تھری)،10کروڑ ڈالر سندھ ریزیلینس پروجیکٹ اور 5کروڑ ڈالر نیشنل ایمونائزیشن سپورٹ پروجیکٹ کے لیے ہوں گے۔