خبرنامہ

وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان سے قطری ہم منصب کی ملاقات

اسلام آباد (ملت آن لائن،اے پی پی) وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان سے قطر میں ان کے ہم منصب وزیر تجارت شیخ احمد بن جاسم الثانی نے ملاقات کی۔ منگل کو ہونے والی ملاقات کے دوران وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر نے قطر کے وزیر تجارت کو پاکستان میں معیشت کے مختلف شعبوں میں ابھرتے ہوئے سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ چین۔پاکستان اقتصادی راہداری کے ذریعے 55 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے پاکستان میں امن و ترقی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے قطری ہم منصب کے ساتھ دونوں ممالک کے مابین تجارتی مسائل پر بھی تفصیلی بات چیت کی۔ انہوں نے قطر کی جانب سے پاکستان کے چاول کی درآمد پر عائد پابندی اٹھانے، کاروباری افراد کیلئے ویزہ کے نظام میں آسانی پیدا کرنے سمیت قطر کی جانب سے ایک لاکھ پاکستانی ورکروں کو ویزہ جاری کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ قطر میں فیفا ورلڈ کپ 2022ء کے باعث پیدا ہونے والے کاروباری مواقع اور دیگر شعبوں تعمیرات، خوراک اور ٹیکسٹائل میں بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری کے مواقع سے پاکستانی تجربات سے بھی فائدہ اٹھانا چاہئے۔ دونوں اطراف سے باہمی معاشی اور تجارتی تعلقات کو بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ انہوں نے قطر کے وزیر تجارت کو کاروباری وفد کے ہمراہ پاکستان کے دورہ اور ایکسپو پاکستان میں شرکت کی دعوت دی۔ قطر کے وزیر تجارت شیخ احمد بن جاسم نے انجینئر خرم دستگیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے تجارتی مسائل حل کرنے اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔