خبرنامہ

پاکستان او ای سی ڈی کے ٹیکس امور کنونشن میں شامل ہو گیا

پیرس: (اے پی پی) پاکستان اقتصادی تعاون اور ترقی کی تنظیم (او ای سی ڈی) کے ٹیکس امور میں باہمی انتظامی معاونت کے کثیر الجہت کنونشن میں شامل ہو گیا ہے۔ وزیر خزانہ، محصولات و اقتصادی امور سینیٹر اسحاق ڈار نے پیرس میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں او ای سی ڈی کے سیکرٹری جنرل اینجل گوریا کے ہمراہ کنونشن پر دستخط کئے۔ او ای سی ڈی نے پاکستان کو کنونشن میں شمولیت کی دعوت دی تھی اور پاکستان 2 سال کے طویل عملی اقدامات اور مقامی ٹیکس قوانین میں ترمیم کے بعد او ای سی ڈی کا رکن بنا ہے جو کنونشن میں شمولیت کیلئے درکار تھا۔ کنونشن میں پاکستان کی شمولیت ٹیکس امور کے بین الاقوامی بہترین تجربات کو اختیار کرنے اور باہمی تعاون اور معلومات کے تبادلوں کے ذریعے ٹیکس چوری کے خلاف کثیر الجہت جنگ میں شمولیت کے پاکستان کے پختہ عزم کا عملی مظہر ہے۔ کنونشن پر اب تک 80 ممالک نے دستخط کئے ہیں جس کے ذریعے قومی ٹیکس قوانین اور ٹیکس چوری کی روک تھام کیلئے کوشاں رکن ممالک کے مابین انتظامی تعاون کو فروغ ملے گا۔ وزیر خزانہ نے پاکستان اور او ای سی ڈی کے مابین موجودہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیلئے او ای سی ڈی کے سیکرٹری جنرل سے دوطرفہ ملاقات بھی کی۔ انہوں نے باہمی دلچسپی کے اہم شعبوں میں تعاون کیلئے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے سیکرٹری او ای سی ڈی کو پاکستان کی معیشت کے استحکام کیلئے موجودہ حکومت کی طرف سے کی گئی مختلف اقتصادی اور مالیاتی اصلاحات اور تعلیم اور صحت کے بجٹ میں اضافہ کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا اور سیکرٹری جنرل کو دورہ پاکستان کی بھی دعوت دی۔ سیکرٹری جنرل نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو ٹیکس امور میں باہمی انتظامی تعاون کے کنونشن پر تاریخی دستخط کرنے اور تین سال کے دوران پاکستان کی مجموعی اقتصادی صورتحال میں بہتری کیلئے کوششوں پر مبارکباد دی۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ پاکستان نے معاشی شعبہ میں بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں اور بین الاقوامی مالیاتی ادارے بھی معترف ہیں۔ سیکرٹری جنرل نے او ای سی ڈی کے تجارت، ٹیکسیشن، انوائرمنٹ، ٹیکنالوجی اور تعلیم کے ایشوز پر توجہ مرکوز کرنے کے فورمز اور اجلاسوں میں شمولیت کی بھی پیشکش کی۔ یورپ، امریکہ، ایشیاء بحرالکاہل سمیت 35 ممالک اس فورم کے رکن ہیں۔ پاکستان اگرچہ او ای سی ڈی کا رکن نہیں ہے لیکن اسے مختلف کمیٹی کے اجلاسوں میں باقاعدگی سے مدعو کیا جاتا ہے۔