خبرنامہ

زعیم قادری کی زبان کیا پھسلی اپنے ہی قائد کونا اہل کہہ گئے

لاہور:(اے پی پی) ترجمان پنجاب حکومت زعیم قادری کی میڈیا سے گفتگو کے دوران زبان پھسل گئی اوروہ عمران خان کو نا اہل کہنے کے بجائے نواز شریف کو نا اہل کہہ گئے۔ پنجاب حکومت کے ترجمان زعیم قادری میڈیا سے بڑے پرُجوش انداز میں بات کر رہے تھے کہ اچانک ان کی زبان پھسل گئی اورانہیں یہ خیال ہی نہیں رہا کہ وہ کیا کہہ رہے ہیں۔ پہلے تولو اور پھر بولو کے مقولے کو نظر انداز کرتے ہوئے انہوں نے وزیراعظم نواز شریف کوہی نااہل قرار دے دیا۔ زعیم قادری کی زبان سے عمران خان کی جگہ نوازشریف نکل گیا جس کے بعد صحافیوں کی طرف سے غلطی کا احساس دلانے پر زعیم قادری نے تصحیح کرلی اورکہا کہ عمران خان 90 دن میں نااہل ہوجائیں گے۔ زعیم قادری نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کا نام غلطی سے کہہ گیا جب کہ میرا مطلب عمران خان تھازعیم قادری کا مزید کہنا تھا کہ فال نکالنے والے شیخ رشید کی اپنی سیاست ختم ہوجائے گی جب کہ احتجاج کے لیے رائیونڈ جانے والے لوگوں کی ٹانگیں توڑنے کے بیان پرابھی بھی قائم ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاست کوسیاست پرہی رکھا جائے اگرذاتیات پرکوئی آیا تومشکلات ہو جائیں گی جب کہ عمران خان کی سیاست تو جلد ہی ختم ہونے والی ہے۔