خبرنامہ

وزیراعظم کا بھارتی فوج کےتشدد سےزخمی کشمیریوں کےعلاج کا اعلان

اسلام آباد:(اے پی پی) وزیراعظم نواز شریف نے مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوجیوں کے تشدد سے زخمی ہونے والوں کے علاج معالجے اور اس دوران ان کے قیام و طعام کے اخراجات برداشت کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا ہے کہ کشمیری عوام اپنی آزادی اورحق خودارادیت کے لئے پُرعزم ہیں، بھارت نے ریاستی آپریشن کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کو چھلنی کیا، قابض بھارتی فوج نے چھرے والی بندوقوں سے سیکڑوں کشمیریوں کو بینائی سے محروم کیا۔ بھارت زخمی کشمیریوں کو طبی امداد تک رسائی کی بھی اجازت نہیں دے رہا، بھارتی فورسز کشمیریوں کو طبی امداد دینے والے اسپتالوں اور ایمبولینسوں کو بھی نشانہ بنا رہی ہے، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلا ف ورزیاں پاکستان کو طبی امدادکے لئے مجبور کررہی ہیں لیکن بھارت اس کی بھی اجازت نہیں دے رہا۔ عالمی برادری زخمی کشمیریوں کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے پاکستان کی طرف سے اثر و رسوخ استعمال کرے۔ وزیراعظم نواز شریف نے وزارت خارجہ کو ہدایت کی کہ دنیا کے کسی بھی حصے میں زخمی کشمیریوں کے علاج کے انتظامات کیے جائیں، حکومت پاکستان زخمی کشمیریوں کے سفر ، قیام، علاج کے اخراجات برداشت کرے گی- مقبوضہ کشمیر میں گزشتی ایک ماہ کے دوران بھارتی فوج کے تشدد سے 75 سے زائد کشمیری جام شہادت نوش کرچکے ہیں۔ اس کے علاوہ ہزاروں زخمی ہیں جن میں سے سیکڑوں مکمل یا جوزی طور پر بینائی سے محروم ہوچکے ہیں۔