خبرنامہ گلگت

استور،سرکاری گاڑیوں کے غیرضروری استعمال کے تدارک کیلئے لائحہ عمل طے کیاجائیگا،کاچوامتیازحیدر

استور۔(ملت آن لائن)گلگت بلتستان اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے محکمہ سروسزوجنرل ایڈمنسٹریشن نے سرکاری گاڑیوں کے غیر ضروری استعمال پرکنٹرول کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے محکمہ سروسزوجنرل ایڈمنسٹریشن سے تما م سرکاری گاڑیوں کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ طلب کیاہے۔کمیٹی نے محکمے کو ہدایت کی ہے کہ یہ رپورٹ کمیٹی کے اگلے اجلاس میں پیش کی جائے اور رپورٹ میں واضح کرے کہ کس محکمے کے پاس کتنی سرکاری گاڑیاں ہیں اورکن کن افسران کے زیر استعمال ہیں۔ کمیٹی نے کہاکہ رپورٹ کی روشنی میں سرکاری گاڑیوں کے غیر ضروری استعمال کے تدارک کے لیے لائحہ عمل طے کیاجا ئے گا اور سرکاری گاڑیوں کی منصفانہ تقسیم کو بھی یقینی بنایا جائیگا۔کمیٹی کا اجلاس چیئرمین کمیٹی کاچو امتیاز حیدر کی صدارت میں اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں کمیٹی کے ممبر وزیر قانون اورنگزیب خان ایڈوکیٹ اور محکمہ سروسزو جنرل ایڈمنسٹریش کے سیکریٹری و دیگر ذمہ داروں نے بھی شرکت کی۔ کمیٹی نے محکمہ سروسزوجنرل ایڈمنسٹریشن کو ہدایت کی ہے کہ جس سرکاری محکمے میں بھی رولز کے خلاف اگرکسی سرکاری اہلکار کو سرکاری گاڑی فراہم کی گئی ہے تو اس کی نشاندہی کرے اور اس محکمے سے گاڑی واپس لیکرجنرل ایڈمنسٹریشن کے پو ل میں کھڑی کی جائے تاکہ بوقت ضرورت اسکو عوامی مفاد کیلئے استعمال کیا جاسکے۔ اجلاس میں محکمہ سروسز کے سیکریٹری اختر رضوی نے اپنے محکمے کے حوالے سے کمیٹی کو تفصیلی بریفنگ دی جس پر کمیٹی نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے محکمے کی کاوشوں کو سراہا اور محکمے کو درپیش مسائل کے ازالے کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کا فیصلہ کیا۔اس موقع پر اسمبلی کی قائمہ کمیٹی اور محکمہ سروسزوجنرل ایڈمنسٹریشن نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ گلگت بلتستان میں سرکاری گاڑیوں کے بے دریغ استعمال کو روکنے کیلئے مل جل کر کام کیا جائیگا اور آئندہ کیلئے واضح پالیسی مرتب کی جائیگی تاکہ سرکاری وسائل کے غلط استعمال پر قابو پایاجاسکے۔