خبرنامہ گلگت

استور:گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں بارشوں کا سلسہ جاری، سردی دوبارہ لوٹ آئی

استور:(اے پی پی)گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث سردی دوبارہ لوٹ آئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں گزشتہ روز سے بارش اور بالائی علاقوں میں برف باری کا سلسہ شروع ہوا تھا جو تاحال جاری ہے ۔اس وقت ضلع استور کے میدانی علاقوں درلے بالا، منی مرگ، قمری، دیو سائی، میر ملک، چہلم، روپل اور برزل ٹاپ میں ایک فٹ سے زائد برف پڑ چکی ہے ۔اس کے علاوہ ضلع استور کے بالائی علاقوں کی تمام رابطہ سڑکیں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث عارضی طور پر بند ہو چکی ہیں ۔بارش کا سلسلہ اسی طرح جاری رہا تو شاہراہ قراقرم ،استور، سکردو،غذراور شاہراہ گلگت مختلف مقامات پر بلاک ہونے کا خدشہ ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں مزید 24 گھنٹوں تک بارش ہونے کا امکان ہے۔واضح رہے کہ اس وقت ضلع استور میں بارش کا سلسلہ مسلسل جاری ہے، جس کے باعث بجلی اور مواصلاتی نظام درہم برہم اور لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں ۔استور کے بالائی علاقوں قمری، منی مرگ، دیوسائی اور چہلم میں درجہ حرارت منفی 5 ڈگری تک پہنچ گیا ہے ۔بارش شروع ہوتے ہی گیس سلنڈر مالکان نے قیمتوں میں دوگنا اضافہ کر دیا ہے ۔