خبرنامہ گلگت

انتخابات نے تحریک انصاف کی پول کھول دی:برجیس

گلگت:(اے پی پی) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ کشمیر کونسل کے انتخابات نے تحریک انصاف کی صاف و شفاف سیاست کا پول کھول دیا ہے۔ انہوں نے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہر وقت انصاف کا راگ الاپنے والوں کو اپنے کردار کا بغور جائزہ لینا چاہئے، تحریک انصاف کی دھونس دھاندلی پوری قوم کے سامنے واضح ہو گئی ہے جس جماعت کا آزادکشمیر کی ریاستی اسمبلی میں صرف ایک منتخب رکن ہے اس نے مسلم کانفرنس کے ساتھ مل کر جس طرح کونسل سیٹ جیتنے کیلئے کروڑوں روپے سے ارکان کے ضمیر خریدنے کی مذموم کارروائی کی ہے اس سے اس جماعت اور اس کے اتحادیوں کا اصلی چہر ہ عوام کے سامنے بے نقاب ہو گیا ہے۔ چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا کہ ایک طرف تو سیاست میں تحریک انصاف کروڑوں روپوں کی خرید و فروخت کر رہی ہے تو دوسری طرف کشمیر ی عوام کو سبز باغ دکھانے کیلئے جھوٹے منشور کا اعلان بھی کر رہی ہے، ان سے پوچھا جائے کہ کونسل انتخابات میں کروڑوں روپے کی خرید و فروخت کرنے کے بجائے اگر یہی پیسہ عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کر لیا جاتا تو اس سے تحریک انصاف کو کچھ فائدہ ہو سکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر ی نوجوانوں کو 20,20 لاکھ کے بلاسود قرضوں کا خواب دکھانے والوں سے کشمیری عوام یہ پوچھتے ہیں کہ تحریک انصاف کی خیبر پختونخوا میں صوبائی حکومت نے تین سال گزر نے کے باوجود نوجوانوں کو اپنا کاروبار کرنے کیلئے اب تک کون کون سے قرضے دیے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ آزادکشمیر کیلئے ایک ماڈل بلدیاتی نظام دینے کا وعدہ کرنے والے خیبر پختونخوا میں اب تک تو ایسا کوئی ماڈل نہیں دے سکے، بدقسمتی سے وہاں بلدیاتی الیکشن ہوئے کافی عرصہ گزر چکا ہے لیکن تمام تر اختیارات وہاں کے وزیر اعلیٰ اپنے پاس رکھے ہوئے ہیں اور بے یارومددگار بلدیاتی نمائندوں کے پاس بنی گالہ میں عمران خان کی رہائش کے سامنے آئے روز احتجاج کرنے کے علاوہ کوئی چارہ موجودنہیں ہے۔اُنہوں نے کہا کہ متحرک میڈیا کی بدولت باشعور اور پڑھ لکھے کشمیر ی عوام خیبر پختونخواہ میں تحریک انصاف کی کارکردگی جان چکے ہیں اور وہ اب تحریک انصاف کے جھوٹے منشور پر ہرگز اعتبار نہیں کرنے والے اور پیش آمدہ ریاستی انتخابات میں تحریک انصاف اور اس کے اتحادیوں کو عبرتناک شکست سے دوچار کریں گے ۔