خبرنامہ گلگت

ایئر فورس کی خدمات قابل تحسین ہے: حفیظ الرحمن

گلگت (ملت + اے پی پی) وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ نلتر کے سیاحتی مقام پر سکی چمپئن شپ کا انعقاد انتہائی خوش آئند ہے، مقامی بچوں کو سکی کی تربیت اور معیاری تعلیم کے حصول کیلئے ایئر فورس کی خدمات قابل تحسین ہے، نلتر میں سکی کے انعقاد سے بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن ہوا ہے جس کے لئے پاکستان ایئر فورس کو مبارک باد پیش کرتے ہیں جنہوں نے نلتر جیسے علاقے میں چیئرلفٹ کی تنصیب اور سکی کے بین الاقوامی سطح کے مقابلوں کا ہر سال انعقاد کرایا ہے، امید کرتے ہیں کہ آئندہ سال سے بین الاقوامی سطح کے سکی چمپئن شپ کے ٹورنامنٹ منعقد ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے نلتر کے مقام پر سکی چمپئن شپ کے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان کی خصوصی ہدایت پر ایئرفورس کے تعاون سے نلتر کا ماسٹر پلان تیار کیا جارہا ہے جس کے تحت نلتر کو ایک مثالی سیاحتی اور پرفضا علاقہ بنایا جائے گا، تمام تعمیرات منصوبہ بندی کے تحت کی جائیں گی، بے ہنگم تعمیرات پر پابندی عائد کی گئی ہے تاکہ قدرتی ماحول کو محفوظ بنایا جاسکے۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے اس موقع پر کہا کہ گلگت تا نلتر ایکسپریس وے طرز شاہراہ کی تعمیر کیلئے تین ارب کی رقم منظور ہوئی ہے آئندہ 3ماہ میں عملی طور پر اس منصوبے پر کام کا آغاز کیاجائے گا۔