خبرنامہ گلگت

حکومت اور پاک فوج کی باہمی کامیاب حکمت عملی سے ملک کو دہشت گردوں سے تقریباً پاک ہوگیا

اسلام آباد:(اے پی پی) وفاقی وزیر برائے امورکشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ حکومت اور پاک فوج کی باہمی کامیاب حکمت عملی سے ملک کو دہشت گردوں سے تقریباً پاک کر دیا گیا ہے اور ہر آنے والے والا دن خوشحالی اور امن کے اعتبار سے پہلے سے زیادہ اچھا اور خوش نما ثابت ہو رہا ہے۔ انہوں نے اسلام آبادمیں ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف شروع کیا جانے والا آپریشن ضرب عضب اپنی تمام تر کامیابوں کے ساتھ منزل کی جانب بڑھ رہا ہے۔ پاک فوج کے افسران اور جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے مادر وطن کو محفوظ بنانے میں جو اپنا فرض اور کردار ادا کیا ہے، اُس کے لئے پوری قوم انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا کہ اب پاکستان میں کوئی ’’نوگو ایر یا‘‘ نہیں ہے اور دہشت گردوں کوشمالی وزیر ستان میں شوال وادی سمیت تمام علاقوں سے پاک کیا جا رہا ہے اور جلد ہی وہاں بحالی کا کام شروع کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی بڑی پناہ گاہوں کے خاتمے کے بعد حکومت آپریشن کے نتائج کو محفوظ بنانے کے لئے اس امر کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ یہ دہشت گرد دوبارہ منظم ہو کر اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہ ہوسکیں اور اس مقصد کی خاطر پاکستان کے شہروں اور دیہات کے گلی اور کوچوں کو دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں سے مکمل پاک کیا جا رہا ہے تاکہ پشاور بس دھماکے جیسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ آج کراچی سمیت تمام شہروں کی روشنیاں لوٹ رہی ہیں اور جرائم کی اوسط شرح میں خاطر خواہ کمی آ ئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حالیہ معاشی ترقی حکومت کی مثبت حکمت عملی اور امن کے مرہون منت ہے جس کی وجہ سے ایک طرف تو ملک میں معاشی سرگرمیاں بڑھ رہی ہیں اور دوسری جانب چین سمیت دیگر دوست ممالک پاکستان کے معاشی شعبے میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسی استحکام اور امن کانتیجہ ہے کہ آج پوری قوم 23 مارچ کو یوم پاکستان منانے کے لئے بھرپور تیاریاں کر رہی ہے اور اس سال بھی یوم پاکستان بھرپور جوش و جذبے سے منایا جائے گا۔ وفاقی وزیرنے کہا کہ ہمیں ملک میں سیاسی استحکام اور بھائی چارے کی فضاء کو قائم رکھتے ہوئے ملک کو آگے لے کر جانا ہے تاکہ گلگت بلتستان اور آزادکشمیر سمیت پاکستان کے تمام صوبے اس پرامن فضا سے برابر مستفید ہو سکیں اور پاکستانی عوام جو ایک عرصے سے شدید مشکلات کا شکار ہیں، ان کی روزمرہ زندگی کو بتدریج خوشگوار بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اس ضمن میں اپنی بھرپور کوشش جاری رکھے ہوئے ہے اور پاکستان کو استحکام اور امن دینے کے ساتھ ساتھ اس کو خطے کا خوشحال ترین ملک بنایا جائے گا۔