خبرنامہ گلگت

دھرنا سیاست کی وجہ سےمعیشت کو بے پناہ نقصان پہنچا: برجیس طاہر

میرپور۔:(اے پی پی) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے اپنی دھرنا سیاست کی وجہ سے پاکستانی معیشت کو بے پناہ نقصان پہنچایا، میر پور میں پی ٹی آئی امیدوار بیرسٹر سلطان محمود پارٹیاں بلدنے والا شخص ہے، اس طرح کے لوگ عوام کی کیسے خدمت کرسکیں گے۔ میرپور میں سوئی گیس سمیت دیگر ترقیاتی کام انتخابات میں کامیابی کے بعد شروع کریں گے، یہ کام پہلے کرنے تھے لیکن الیکشن کا شیڈول جاری ہونے کے باعث شروع نہ کروائے جاسکے۔ 21 جولائی کو نہ صرف میر پور بلکہ پورے آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کامیابی حاصل کرے گی۔ وہ گزشتہ روز میر پور میں بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ میر پور میں انسانوں کا سمندر جمع ہے، 21جولائی دور کی بات ہے یہاں پر آج سے ہی پی ٹی آئی کا جنازہ نکال دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں پر جلسوں میں مسلم لیگ ن کے ورکرز کی کثیر تعداد دیکھ کر ظاہر ہوتا ہے کہ 21جولائی کو آزاد کشمیر کے انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) تمام سیٹوں پر واضح کامیابی حاصل کرے گی اور اس حلقہ میں سب سے زیادہ ووٹ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار چوہدری سعید حاصل کریں گے۔ میر پور میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کے ٹکٹ کے حوالے سے پارلیمانی بورڈ نے، جس کا میں خود حصہ بھی ہوں، تین نام وزیر اعظم محمد نواز شریف کو بھجوائے۔ ہمارے قائد نے میر پور حلقہ کے لئے چوہدری سعید کو ٹکٹ دیا اور جن امیدواروں کو ٹکٹ نہ ملا انہوں نے بھی اس فیصلہ سے اتفاق کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے کشمیر کا دورہ کرنا تھا لیکن دل کے آپریشن کی وجہ سے وہ سفر نہیں کرسکتے اس لئے انہوں نے یہ پیغام دیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار چوہدری سعید کو کامیاب کرایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں پر ان کے مقابلہ میں بیرسٹر سلطان محمود الیکشن لڑ رہے ہیں جو ایک ایسی شخصیت ہے جو روز پارٹی بدلتی ہے، انہوں نے پاکستان کی کوئی سیاسی جماعت نہیں چھوڑی، صرف ایم کیو ایم باقی ہے جس میں بھی یہ شامل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنی دھرنا سیاست کی وجہ سے ملکی معیشت کو بے پناہ نقصان پہنچایا،جو ترقیاتی منصوبے پہلے شروع ہونا تھے ان کا آغاز دھرنوں کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوا۔