خبرنامہ گلگت

دیامرکےعوام دہشت گردی کےخلاف تعاون جاری رکھیں،ثناءاﷲعباسی

استور۔(ملت آن لائن) انسپکٹر جزل آف پولیس گلگت بلتستان ثناء اللہ عباسی نے کہا ہے کہ دیامر کے عوام دہشت گردی کے خلاف سکیورٹی فورسز کے ساتھ تعاون جاری رکھیں ،دیامر کے لوگوں نے ماضی میں سیکورٹی اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کیا ہے اور حالیہ واقعات میں پولیس کو مطلوب ملزمان کی گرفتاریوں میں بھی مقامی جرگوں کا کردار لائق تحسین ہے۔ عمائدین دیامر سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دیامر پولیس محدود وسائل کے باوجود ہر قسم کے ناخوشگوار واقعات سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور جی بی کے اندر پیش آنے والے واقعات میں پولیس نے دہشت گردوں کا مکمل قلع قمع کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ دیامر کے عوام اپنے صفوں سے کالی بھیڑوں کو نکال پھینک دیں۔آئی جی پی نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کی سپورٹ کرنے والے سہولت کاروں کو کسی صورت معاف نہیں کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ عوام تعلیم کے فروغ کیلئے آگے بڑھیں۔انہوں نے کہا کہ وہ قومیں ترقی کرتی ہیں جن میں علم کے حصول کا تڑپ موجود ہو۔دیامر کی عوام تعلیم دشمنوں کے خاتمے میں ہمارے ساتھ کھڑے ہیں۔