خبرنامہ گلگت

سیاحوں کو بہترین سہولیات کی فراہم کی جا رہی ہے،وزیراعلیٰ گلگت بلتستان

گلگت: (اے پی پی) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت سیاحوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات کر رہی ہے، تما م سرکاری ریسٹ ہاؤسز کو سالانہ بنیادوں پر پرائیویٹائز کیا جا رہا ہے، ہاشو فاؤنڈیشن سمیت ہوٹلنگ کے شعبے میں تجربہ رکھنے والے ٹینڈرمیں حصہ لے سکتے ہیں ۔ ہاشو فاؤنڈیشن کے پاس گلگت میں جگہ موجود ہے جس پر ہوٹل تعمیر کریں اور اس کے بعد دیگر مقامات پر ہوٹلنگ کے شعبے میں تجربہ رکھنے والوں کو لیز کے تحت زمین فراہم کی جائیگی۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے ہاشو فاؤنڈیشن کے کنٹری ڈائریکٹر سے گفتگو اورریڈ کریسنٹ کی جانب سے استعداد میں اضافے کے نئے پروگرام کے آغاز کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ ایک سال کے اندر ہوٹل تعمیر نہ کرنے کی صورت میں لیز منسوخ کی جائیگی۔ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ کے حوالے سے بھی پرائیویٹ سیکٹر کی حوصلہ افزائی کریگی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گلگت بلتستان میں بہت جلد پلاسٹک کے استعمال پر پابندی عائد کی جا رہی ہے جس کے لیے کاغذاور کپڑے کے تھیلوں کی صنعت لگانے والوں کو بھی حکومت سہولیات فراہم کریگی۔ گلگت شہر میں صفائی یقینی بنانے کے لیے 10 اگست سے باقاعدہ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ اتھاٹی کا آغاز کیا جائیگا۔ متعلقہ ادارے کو درکار وسائل فراہم کیے ہیں اور ملازمین کو کنٹریکٹ پر بھرتی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔