خبرنامہ گلگت

صحت اور تعلیم کے شعبے کی بہتری کے لیے اقوام متحدہ کے اقدامات قابل تحسین ہیں:حافظ حفیظ الرحمن

گلگت ۔ یکم اپریل (اے پی پی) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی کے لئے اقوام متحدہ کی یو۔این ۔ڈی ۔پی کے تحت منصوبے علاقے کی ترقی میں معاون ثابت ہوئے ہیں امید ہے ماضی کی طرح آئندہ بھی ترقیاتی منصوبوں پر کام کیا جائیگا۔ صحت اور تعلیم کے شعبے کی بہتری کے لیے اقوام متحدہ کے اقدامات قابل تحسین ہیں۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے اقوام متحدہ کے کنٹری ڈائریکٹر نیل بونے کے ہمراہ ملاقات کے لیے آنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے گلگت بلتستان میں موجود گلیشئرز کے تحفظ کیلئے 36 ملین ڈالر کے منصوبے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے صوبائی حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت اور اقوام متحدہ کے اشتراک سے مختلف شعبوں میں منصوبوں کی حوصلہ افزائی کی جائیگی۔گلگت بلتستان کی صوبائی حکومت نے پرائمری تک کی تعلیم خواتین اساتذہ کے ماتحت کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے جس کے مثبت اثرات مرتب ہونگے۔ حکومت کایہ اقدام خواتین کی خودمختار ی اور معاشی طور پر مستحکم کرنے میں بھی معاون ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ خواتین کو تمام شعبوں میں بااختیار بنانے کے لئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس حوالے سے صوبے میں خواتین کے ڈائریکٹریٹ کو الگ کیا گیا ہے اور ایک خاتون ممبر اسمبلی کو وزارت کا قلمدان دیا گیا ہے۔