خبرنامہ گلگت

محکمہ تعلیم زنانہ کے پی ٹی اے فنڈز میں وسیع پیمانے پرخرد برد کی تحقیقات شروع کردی ہیں،اینٹی کرپشن

ایبٹ آباد ۔(اے پی پی)ایبٹ آبادگرلز سکولوں کے پی ٹی اے فنڈز میں وسیع پیمانے پرخرد برد کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں ۔ تمام کاموں کو ٹیکنیکل ٹیم چیک کرے گی ۔ کرپشن میں ملوث پرنسپلز کو جیل کی ہوا کھاناپڑے گی۔اس ضمن میں محکمہ اینٹی کرپشن کے سرکل آفیسر عدالت خان نے صحافیوں کو بتایاکہ محکمہ تعلیم زنانہ کے پی ٹی اے فنڈز میں وسیع پیمانے پر خرد برد کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ سال 2014ء سے 2015ء تک سرکاری سکولوں کو ملنے والے فنڈز کے استعمال پرتحقیقات جاری ہیں۔ اس سلسلے میںآئندہ چند روز میں ٹیکنکل ٹیم پشاور سے ایبٹ آباد آئے گی۔ جوتمام سکولوں کامعائنہ کرکے اپنی رپورٹ مرتب کرے گی۔ عدالت خان نے مزید بتایاکہ کرپشن میں ملوث سکول پرنسپلز کو جیل کی ہواکھانی پڑے گی۔ سرکاری فنڈز میں کرپشن کو کسی صورت معاف نہیں کیاجائے گا۔ عدالت خان نے سرکاری سکولوں کے ٹیچرز سے اپیل کی کہ اگر ان کے علم میں کسی بھی سکول میں کرپشن کے حوالے سے کوئی معلومات ہیں تووہ دفتر اینٹی کرپشن کے ٹیلی فون نمبر 0992-383564پررابطہ کرکے معلومات فراہم کرسکتے ہیں۔