خبرنامہ گلگت

نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عمل درآمد کرنے کے لئے ڈی آئی جی دیامر استور ڈویژن کی زیر صدارت اجلاس

استور – (اے پی پی) نیشنل ایکشن پلان کی روشنی میں گلگت بلتستان ایپکس کمیٹی کے فیصلے پر مکمل عمل درآمد کرنے کے لئے ڈی آئی جی دیامر استور ڈویژن عنایت اللہ فاروقی کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا ،اجلاس میں دیامر اور استور کے ایس ڈی پی اوز ایس ایچ اوز نے شرکت کی ۔اجلاس میں دیا مر اور استور کے اندر سیکیورٹی کو سخت کرنے ،گلگت بلتستان آنے والے سیاحوں کو مکمل تحفظ دینے اور نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد کرانے کا فیصلہ کیا گیا ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی دیامر ریجن عنایت اللہ فاروقی نے دیامر اور استور کے تمام ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوزکو سختی سے ہدایت جاری کیں کہ وہ اپنے اپنے علاقے میں قانون شکن عناصر پر کڑی نظر رکھیں ۔انہوں نے کہا کہ نانگا پربت ،شاہراہ قراقرم اور بابو سر روڈ پر سیکیورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے ہیں اور پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کر دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ تھیچلی سے تھور تک پٹرولنگ کر نے کے لئے مزید 6نئی گاڑیاں فراہم کریں گے اور سیکیورٹی کے نظام کو مزید موثر بنائیں گے ،انہوں نے کہا کہ دیامر میں اشتہاریوں کی لسٹ بنا کر متعلقہ تھانوں اور چوراہوں پر ان کی تصاویر کے ساتھ پینافلیکس آویزاں کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ دیامر میں 30ایسے اشتہاری روپوش ہیں جن کے سر کی قیمتیں مقرر کی جا چکی ہی ۔انہوں نے کہا کہ ڈیوٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور غفلت برتنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔